Daily Mashriq

خواجہ برادران کی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع

خواجہ برادران کی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع

ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں درخواست ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ تبدیلی تفتیش کی درخواست پر جلد از جلد قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالتی استفسار پر وکلا نے بتایا کہ دونوں بھائی عدالت میں موجود ہیں، خواجہ برادران کے وکیل عابد ساقی نے نشاندہی کی کہ خواجہ برادران کے خلاف ڈی جی نیب ٹاک شو میں ایسی باتیں کر رہے ہیں جیسے وہ تفتیشی افسر نہیں ہیں اور موچی دروازے میں خطاب کر رہے ہیں۔

عدالتی استفسار پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ تفتیش تبدیل کرنے سے متعلق درخواست چیئرمین نیب کے پاس ہے جس پر وہ تین دن میں فیصلہ کر دیں گے، خواجہ برادران کی درخواست پر نیب نے بتایا کہ جب انہیں گرفتار کیا جائے گا اس وقت گرفتاری کی وجوہات بتا دی جائیں گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتاری کی وجوہات کہاں ہیں، نیب کے وکیل نے بتایا کہ وجوہات نیب کے پاس اس وقت موجود نہیں ہیں جس پر 2 رکنی بنچ نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ خواجہ برادران کی تفتیش سے متعلق درخواست پر جلد از جلد فیصلہ کرے۔

متعلقہ خبریں