Daily Mashriq


مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے عوام کے ساتھ جو کیا وہ قصائی بکروں سے کرتا ہے، فواد چودھری

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے عوام کے ساتھ جو کیا وہ قصائی بکروں سے کرتا ہے، فواد چودھری

ویب ڈیسک:ماضی میں کی گئی اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا،وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری۔

اسلام آباد میں معلومات تک رسائی کے حق کے وفاقی قانون پر عمل درآمد کے لیے فیڈرل انفارمیشن کمیشن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اطلاعات تک رسائی کا قانون وفاق میں بھی نافذ ہو گیا ہے، سرکاری خبررساں ایجنسی عالمی معیار کی طرح بنائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق یہ قانون نافذ کیا گیا، کرپشن کے خاتمے کیلئے وسل بلور ایکٹ آرہا ہے اور کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو 20 فیصد انعام میں ملیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ماضی میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کا حساب دینا پڑے گا،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی وجہ سے ادارے کمزور ہیں، پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل مل کا 552 ارب روپے کا خسارہ ہے، اس طرح سے ادارے چلانے اور حکومتیں کرنے سے ریاستوں کو خطرہ ہوجاتا ہے، اللہ کا شکر ہے ان سے جان چھوٹ گئی  اور اب یہ قصہ پارینہ ہیں تاہم انہوں نے قوم سے وہی سلوک کیا جو قصائی بکروں کے ساتھ کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم سے پوچھا جارہا ہے کہ 100 روز میں کیا کیا،  تحریک انصاف نےجو اقدامات اٹھائے وہ مثالی ہیں،  بیرون ممالک دورے پر عمران خان اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے پیسے مانگ رہے ہیں، جب احتساب کی بات کرتے ہیں تو ان لوگوں کے پسینے چھوٹتے ہیں تاہم جتنی شفافیت ہوگی اتنی کرپشن کم ہوگی۔

متعلقہ خبریں