Daily Mashriq

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ

پاکستان کرکٹ ٹيم دورہ آسٹريليا کیلئے لاہور ایئرپورٹ سے سڈنی کیلئے روانہ ہوگئی۔

شاہين نيشنل کرکٹ اکيڈمی سے سخت سيکيورٹی ميں لاہور ايئرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ آسٹريليا کیلئے روانہ ہوئے۔ دورے کا پہلا پریکٹس میچ مقامی ٹیم کے ساتھ 30 اکتوبر کو سڈنی میں ہوگا۔

ٹی 20 سیریز کے میچز 3 نومبر کو سڈنی، 5 کو کینبرا اور 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔

ٹیسٹ میچز 21 نومبر کو برسبین اور 29 نومبر کو ایڈیلیڈ میں شروع ہوں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والا دوسرا ٹیسٹ ڈے نائٹ ہوگا۔

نئے کھلاڑی

قبل ازیں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور پہلی مرتبہ محمد موسیٰ، عثمان قادر، خوشدل شاہ، کاشف بھٹی اور نسیم شاہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سرفراز

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 18 اکتوبر کو سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ پچھلے کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی اور اعتماد دونوں متاثر ہوئے تھے۔

سرفراز احمد نے 2010 میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا لیکن 2014 میں ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی اور وہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ میں عمدہ کارکردگی کے سبب کپتان مصباح الحق کے لیے ایک قابل اعتماد ساتھی بن گئے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتی اور آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شکست سے دوچار ہونا پڑا اور وہ صرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوسکے۔

پاکستانی اسکواڈ

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں