Daily Mashriq

مولوی امیر شاہ ہسپتال میں گیس دھماکہ ،3ملازمین شدید جھلس گئے

مولوی امیر شاہ ہسپتال میں گیس دھماکہ ،3ملازمین شدید جھلس گئے

پشاور(نیوزرپورٹر) مولوی امیر شاہ ہسپتال ہشت نگری پشاور میں گیس لیکیج کی وجہ سے یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں ہسپتال کے ایڈ منسٹریشن بلا ک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ3ملازمین شدید زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے ایک ملازم کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے دھماکے کے فوری بعد محکمہ صحت کے حکام اور پولیس افسرا ن موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کیں زوردار آواز کیساتھ ہسپتال میں ہلچل مچ گئی اور لوگ وارڈز اور ملحقہ وارڈز سے نکل پڑے دھماکے سے آگ بھی بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ہسپتال کا تمام ریکارڈ بھی نذر آتش ہوگیا ہے واضح رہے کہ بدھ کے روز صبح ساڑھے آٹھ بجے مولوی امیر شاہ گیلانی میموریل ہسپتال میں ایڈمنسٹریشن بلاک کے ایک کمرے میں قائم کچن میں گیس لیکیج سے زوردار دھماکہ ہوا بتایا جارہا ہے کہ چولہے کی سپلائی لائن میں لیکیج تھی جس کی وجہ سے گزشتہ رات سے کمرے میں گیس جمع ہوگئی تھی جیسے ہی ایک کلاس فور نے صبح دفتر کھولنے کے بعد چولہا جلانے کیلئے بتی جلائی تو اس دوران ایک خوفناک دھماکہ ہوگیا جس کی وجہ سے کمرے میں آگ لگ گئی اور ایک جونیئر کلرک اور 2کلاس فور شدید طور پر جھلس گئے جنہیں موقع پر موجود لوگوں نے ہسپتال منتقل کیا دھماکے سے کلرک کا کمرہ مکمل طور پر تباہ جبکہ کمرے کے باہر لگے تمام سی سی ٹی وی کیمرے ٹوٹ پھوٹ کر زمین بوس ہوگئے دھماکے سے ایڈمنسٹریشن بلاک میں ایم ایس کا کمرہ بھی متاثر ہوا جبکہ ہسپتال کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیںجس کی وجہ سے بعض لوگوں کو معمولی زخم لگے ہیں ذرائع کے مطابق دھماکہ ساڑھے آٹھ بجے ہوا جس کے بعد ہسپتال میں بم پھٹنے کی افواہیں پھیل گئیں اور ملحقہ ہاسٹلز سے بھی سٹاف نکل آیا عینی شایدین کے مطابق گیس کے پہلے دھماکے کے بعد اوپری منزل میں ایک اور بھی دھماکہ بھی ہوا جس سے ہسپتال میں خوف وہراس پھیل گیا رسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا اس صورتحال کی اطلاع پر وزیر صحت، سیکرٹری اور ڈی جی ہیلتھ بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا دوسری طرف زخمی ہونیوالے دونوں اہلکاروں کو حیات آباد برن سنٹر منتقل کردیا گیاڈاکٹرز کے مطابق دھماکے سے جونیئر کلرک کو30فیصد سے زائد اور کلاس فور ملاز م کو70فیصد سے زائد زخم لگے ہیں اور انکے جسم اور چہرے کی تمام جلد مکمل طور پر جل گئی ہے تیسرے ملازم کو معمولی چوٹ لگنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اس واقعہ کی پولیس نے رپورٹ درج کردی ہے جبکہ وزیر صحت نے زخمیوں کیلئے جیب سے پیسے دیکر دیکر انکا تمام علاج مفت کرنیکی ہدایت کردی ہے۔

متعلقہ خبریں