Daily Mashriq

وزیراعظم کاایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پرزور

وزیراعظم کاایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پرزور

وزیراعظم عمران خان نے ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔آج (ہفتہ) بیجنگ میں دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم کے رہنمائوں کی گول میزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک خطہ ایک شاہراہ کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے ہمیں ڈیجیٹل روابط ، محنت کشوں اور ہنرمندی کے تبادلے ، علم، ثقافت اورجدت پرمبنی روابط پرغورکرنا چاہیے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے میں شامل ملکوں کو افرادی قوت میں ہنرمندی کو فروغ دینے کیلئے ثقافت اور سیاحت کے تبادلوں اور اس سے متعلق پروگراموں کی ترقی کیلئے سیاحتی راہداری قائم کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ روابط ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری اسے 21 ویں صدی میں جدید شکل دے رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ گوادر کی بندرگاہ کو چین کے علاقےXINJIANG سے منسلک کرنے سے چین کی برآمدات کیلئے مختصر راستہ میسر آئے گا جس سے چین کی کمپنیوں کی لاگت کم ہوگی اور مغربی چین ترقی کرے گا ۔

متعلقہ خبریں