Daily Mashriq


 کراچی کنگزاورلاہور قلندرزکےدرمیان میچ کے اختتام پر دوہری ہیٹرک

کراچی کنگزاورلاہور قلندرزکےدرمیان میچ کے اختتام پر دوہری ہیٹرک

ویب ڈیسک:گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے اختتام پر کراچی کنگز اور لاہورقلندرز نے جیت اور ہار کی ہیٹرک مکمل کی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری پی ایس ایل تھری کے ایونٹ میں گزشہ روز کراچی کنگز نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لاہور قلندرز کو 27رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں روی بوپارا کی شاندارنصف سینچری کے ساتھ  7وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اس وقت دھچکا لگا جب عثمان شینواری نے اننگز دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن کو آوٹ کرکے  پویلین بھیج دیا،

تاہم اس کے بعد کپتان برینڈن میک کولم اور فخر زمان نے ٹیم کو سنبھالا دیا خصوصاً میک کولم نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور محض 38 گیندوں پر 69 رنز جوڑ کر میچ کو کراچی کنگز کی پہنچ سے دور لے جانے کی کوشش کی لیکن شاہد آفریدی کے باؤلنگ پر آتے ہی میچ کا نقشہ بدل گیا۔

مایہ ناز آل راؤنڈرشاہد آفریدی نے فخر زمان کو آؤٹ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے 44 رنز بنانے والے میک کولم کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا۔

ٹیم کو مشکلات میں گھرا دیکھنے کے باوجود عمر اکمل نے اپنی روش نہ بدلی اور ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو کر آفریدی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

سہیل اختر نے دو چوکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن آفریدی نے انہیں بھی آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیجتے ہوئے لاہور کی جیت راستے بند کر دیے۔

لاہور قلندرز کی رہی سہی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب دنیش رامدین اور آغا سلمان بھی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔ لاہور کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 132 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

 پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز نے اب تک کھیلے گئے اپنے  تینوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے فتوحات کی ہیٹرک اپنے نام کی جبکہ دوسری طرف لاہور قلندرکوایونٹ میں لگا تار تیسرے میچ میں ناکامی کے باعث  ہار کی ہیٹرک کا سامنا کرنا پڑا ۔

متعلقہ خبریں