Daily Mashriq

خیبرپختونخوا: سڑک منصوبے کیلئے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط

خیبرپختونخوا: سڑک منصوبے کیلئے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد: محکمہ اقتصادی امور (ای اے ڈی) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مردان-صوابی سڑک کی بہتری کے منصوبے کے لیے اضافی رقم فراہم کرنے کے حوالے سے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے قرض معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

ای اے ڈی کے سیکریٹری نور احمد اور خیبرپختونخوا کمیونکیشن اور ورکس ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری محمد شاہاب خٹک نے اے بی ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر شیاؤہونگ یینگ کے ساتھ (تقریباً 10 ارب 40 کروڑ روپے) کے قرض معاہدے پر دستخط کیے۔

اس معاہدے کے تحت اضافی مالی مدد سے مردان-صوابی سڑک کو42 کلو میٹر کے ساتھ دوطرفہ کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ مردان-صوابی سڑک کے دوطرفہ ہونے اور صوبائی ہائی ویز کی بحالی سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون راہداری کی معاشی نقل و حرکت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ مالی مدد خیبرپختونخوا کی صوبائی سڑکوں کی بہتری کے جاری منصوبے کی بہتری اور تکمیل میں مدد کرے گی، جس کا مقصد 214 کلو میٹر کے صوبائی ہائی وے نیٹ ورک کی بحالی ہے۔

ساتھ ہی یہ خیبرپختونخوا کے مواصلات اور کام کے شعبوں کی صلاحیت کو بھی مضبوط کرے گا۔

اس منصوبے میں متعلقہ صوبائی معیار کے ساتھ ساتھ سڑک کی بہتری اور موسمیاتی قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے موسمیاتی خصوصیات پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ قدرتی آفات میں زیادہ نقصان سے بچا جاسکے، اس کے علاوہ ٹول، صنفی حساس سہولیات سمیت بس اسٹاپس اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی سہولیات بھی منصوبے میں شامل ہوں گی۔

سڑک کے نئے سیکشن کے لیے مالی مدد خیرپختونخوا کے سڑکوں کی بہتری کے جاری منصوبے کے لیے قرض کی گنجائش کو 14 کروڑ ڈالر بڑھا دے گا،

یہ اصل منصوبہ نقل و حرکت اور تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی سڑکوں کے 8 اہم سیکشن کو مزید بہتر کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ دسمبر 2018 میں اے بی ڈی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے منظور کی گئی اضافی 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد مردان اور صوابی کے درمیان موجود 2 لین کو 4 لین میں اپ گریڈ کردے گا جس سے بڑھتی ہوئی ٹریفک کو ایڈجسٹ کرنے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں مس یینگ کا کہنا تھا کہ ’نئی دو طرفہ سڑک سے خیبرپختونخوا ریجن کے کافی لوگوں کو فائدہ ہوگا، یہ سڑک اہم زرعی علاقے کو مصروف صنعتی حب سے جوڑا کے جبکہ سوات ایکسپریس ہائی وے کے ذریعے سوات اور کلام جیسے اہم سیاحتی مقام سے بھی منسلک کرے گا۔

متعلقہ خبریں