Daily Mashriq


نیپچون کا نودریافت شدہ چاند نظامِ شمسی کا سب سے چھوٹا چاند قرار

نیپچون کا نودریافت شدہ چاند نظامِ شمسی کا سب سے چھوٹا چاند قرار

پیساڈینا، کیلیفورنیا: چند روز قبل ماہرین نے سیارہ نیپچون کے گرد زیرِ گردش چاند کا انکشاف کیا تھا اور اب تصدیق ہوئی ہے کہ یہ ہمارے پورے نظامِ شمسی کا سب سے چھوٹا چاند ہے جس کا قطر صرف 21 میل یا 34 کلومیٹر ہے۔

اس چاند کو یونانی دیومالا کے نام پر ’ہیپوکیمپ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین ہبل خلائی دوربین کی تصاویر اور ڈیٹا کا جائزہ لے رہے تھے نیپچون کے سب سے بڑے چاند ٹرائٹون  کی اندرونی مدار میں مزید چھ چاند دکھائی دیئے لیکن ان میں سے ہیپوکیمپ سب سے چھوٹا ہے اور اتنا مہین ہے کہ 1989ء میں یہاں سے گزرنے والے وائجر دوم خلائی جہاز نے بھی اسے نظر انداز کردیا تھا۔

سرچ فار ایکسٹرا ٹریسٹریئل انٹیلی جینس (سیٹی) کے ماہر مارک شووالٹر نے کہا کہ اسے دیکھنا بہت محال تھا اور یہ خود نیپچون کے بہت قریب ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ نیپچون کے کسی بڑے چاند کا ٹکڑا ہے جو کسی دمدار ستارے کے تصادم سے الگ ہوکر نیپچون کے گرد گھومنےلگا ہے۔

اس دریافت کےبعد نیپچون کے چاندوں کی تعداد اب 14 ہوگئی ہے۔ اسے دیکھ کر نیپچون اور نظامِ شمسی کی تاریخ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں