Daily Mashriq

دبئی: یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست، سلطانز کو اہم 2 پوائنٹس مل گئے

دبئی: یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست، سلطانز کو اہم 2 پوائنٹس مل گئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اہم 2 پوائنٹس حاصل کرلیے۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے باؤلرز حریف ٹیم پر ابتدا سے ہی چھائے رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کسی بھی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔

گزشتہ میچ کی طرح کیمرون ڈیلپورٹ اس مرتبہ بھی یونائیٹڈ کے لیے کچھ نہ کر سکے اور 4 رنز بنا کر پہلے ہی اوور میں محمد الیاس کا شکار بنے۔

دوسری جانب سے جارح مزاج لیوک رونکی نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور اسکور کو 34 رنز تک پہنچایا لیکن اس مقام پر صاحبزادہ فرحان نعمان علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

اسکور 42 تک ہی پہنچا تھا کہ لیوک رونکی گیند کو باؤنڈری کے باہر پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے محمد الیاس کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، لیکن اس دوران سمت پٹیل کی 20، آصف علی کی 22 اور فہیم اشرف کی 16 رنز کی مزاحمت کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈینیئل کرسچن نے 3، شاہد آفریدی، نعمان علی اور محمد الیاس نے 2، 2 جبکہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 واب میں ملتان سلطانز کا شاندار آغاز ہوا، جہاں جیمز وینس اور عمر صدیق نے ٹیم کو 7 اوور میں 54 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔

جیمز وینس 28 رنز بنانے کے بعد سمت پٹیل کی گیند پر 54 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو وکٹ پر آنے والے جانسن چارلس 4 رنز بنانے کے بعد شاداب کی گیند پر 59 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کپتان شعیب ملک نے اوپنر عمر صدیق کے ہمراہ 40 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے پی ایس ایل میں ٹیم کے لیے دوسری فتح کو یقین بنادیا۔

عمر صادق 99 کے اسکور پر 46 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کی وکٹ سے ملتان سلطانز کی فتح کی جانب پیش قدمی متاثر نہیں ہوئی۔

 ٹاس کے موقع پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ میچز کی طرح غلطیاں نہ کرنے کی کوشش کریں گے جس کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ یہ پی ایس ایل 2019 میں ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی ہے جبکہ اس ٹیم کی پہلی کامیابی بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہی خلاف تھی جب گروپ کے پہلے میچ میں سلطانز نے 5 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔

متعلقہ خبریں