Daily Mashriq

وزیر معدنیات سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات

وزیر معدنیات سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات

پشاور(مشرق نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیرمعدنیات ڈاکٹر امجد علی سے سپین، برطانیہ اور آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں پر مشتمل وفد نے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سرمایہ کار وںنے خیبرپختونخوا میں معدنیات اور کان کنی کی مد میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے، جبکہ اس حوالے سے شعبہ معدنیات سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا گیاہے۔ جس سے صوبے کو خاطرخواہ آمدنی ملی ہے۔بین الاقوامی سرمایہ کار وں نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولیات کی تعریف کی اور صوبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا، کہ معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے آئینی پیچیدگیاں بہت جلد دور ہوجائیں گے، جس کیلئے آئینی ترمیم آخری مراحل میں ہے۔

متعلقہ خبریں