Daily Mashriq

عمران خان کامودی کوفون

عمران خان کامودی کوفون

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون کر کے لوک سبھا کے انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی ہے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ٹیلی فون کیا ، وزیراعظم عمران خان نے لوک سبھا کے انتخابات میں جیت پر نریندر مودی اوران کی جماعت بی جے پی کو مبارکباددی ، وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔خیال رہے کہ نریندرمودی کی قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک میں ہونے والے انتخابات میں 303 نشستیں حاصل کرکے واضح کامیابی حاصل کی جبکہ ان کی اہم سیاسی مخالف انڈین نیشنل کانگریس، لوک سبھاکی 543 نشستوں میں سے صرف 52 نشستیں حاصل کرسکی۔نومنتخب قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہمیں اپنی اقلیتوں کا بھروسہ جیتنا ہے، اقلیت ایک فرضی خوف میں ہیں اور یہ خوف انہوں نے پیدا کیا جو ووٹ بینک کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔انہوں نے اپنے نعرے میں تبدیلی لاتے ہوئے سب کا ساتھ، سب کے لیے ترقی میں اب سب کا بھروسہ کا اضافہ کیا اور قومی اتحاد کو بڑے پیمانے پر مینڈیٹ ملنے پر اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے قانون سازوں سے کہا کہ آپ نے اس کی حفاظت کرنی ہے۔پاکستان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے نریندر مودی کو فون کرکے ان کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے، دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان، جنہوں نے جمعے کو نریندر مودی کی کامیابی پر انہیں ایک ٹوئٹر پیغام میں مبارک باد دی تھی، نے جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی سے متعلق اپنے نقطہ نظر کا اعادہ کیا۔گزشتہ دونوں وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے خطے میں امن و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی۔وزیر اعظم نے ٹوٹٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کی کامیابی پر میں وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جنوبی ایشیا میں امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پراُمید ہوں۔جس پر بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے مبارکباد کے پیغام پر اظہار تشکر کیا تھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جوابی ٹویٹ میں کہا تھا کہ انتخابی کامیابی میں جیت پر آپ کی مبارکباد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔دونوںممالک کے وزرائے خارجہ کی غیررسمی ملاقات کے بعدپاک بھارت وزرائے اعظم کے مابین ٹیلی فونک رابطے سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی امیدیںروشن ہوگئی ہیں اوربھارتی انتخابات کاعمل مکمل ہونے سے بھی کشیدگی میںکمی کاامکان ہے۔

متعلقہ خبریں