Daily Mashriq

چینی نائب صدراسلام آبادپہنچ گئے،پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں

چینی نائب صدراسلام آبادپہنچ گئے،پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چین کے نائب صدر وانگ کشان وفد کے ہمراہ 3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔چین کے نائب صدر وانگ کشان وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، نور خان ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے ان کا خیر مقدم کیا۔چین کے نائب صدر وانگ کشان 3 روزہ دورے کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ایوان صدرمیں چینی مہمان کی صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں نشان پاکستان کااعزازبھی دیاگیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے نائب صدر جناب وانگ کشان کے اعزاز میں منعقدہ سلک روڈ کے دوست فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چین کے نائب صدر جناب وانگ کشان اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام کے ساتھ چین کی دہائیوں پر محیط گہری دوستی و حمایت اور پاک چین دوستی پر کامل یقین پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چین میں جناب وانگ کشان کا ایک ممتاز تاریخ دان، بے مثال معیشت دان اور ایک عظیم رہنما کے طورپر احترام کیاجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان تزویراتی تعاون وشراکت داری میں آپ کی مخلصانہ کاوشیں دونوں ممالک کے لئے نہایت قابل قدر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان دوستی کے رشتے کو مزید تقویت دینے میں آپ کی بصیرت افروز کوششوں کو سراہتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ آپ کی ہماری قیادت سے ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو سے دونوں ممالک کی عظیم دوستی کو مزید فروغ ملے گا۔

متعلقہ خبریں