Daily Mashriq

جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے نئے سربراہ مقرر

جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے نئے سربراہ مقرر

ڈیسک: لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے

جب کہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو بھی جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت

تھری اسٹار لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے

جب کہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پروفائل جاری کرتے ہوئے بتایاکہ،

جنرل باجوہ نے 24 اکتوبر 1980 میں فوج میں کمیشن حاصل کیاان کا تعلق پاک فوج کی یونٹ 16 بلوچ رجمنٹ سے ہے،

جنرل قمر جاوید باجوہ نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹری کیلیفورنیا امریکا کے فارغ التحصیل ہیں،

وہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے بھی گریجوٹ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر باجوہ انفینٹری اسکول میں انسٹرکٹر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

جنرل قمرجاوید باجوہ چیف آف دی آرمی اسٹاف کے پرنسپل اسٹاف آفیسراور جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف دی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف دی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن وہ عہدہ ہے جس پر آرمی چیف مقرر ہونے سے قبل جنرل راحیل شریف بھی فائز تھے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ اقوامِ متحدہ کے تحت کانگو میں پاک فوج کے امن مشن کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں،

جب کہ انفینٹری اسکول، کوئٹہ میں کمانڈنٹ اور پاک فوج کی سب سے بڑی 10 کور کے کور کمانڈر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا تعلق پاک فوج انفینٹری بلوچ رجمنٹ سے ہے

وہ اس رجمنٹ سے آرمی چیف بننے والے چوتھے افسر ہیں،

ان سے پہلے پاک فوج کے سربراہان بننے والے جنرل یحییٰ خان، جنرل مرزا اسلم بیگ اور

جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تعلق بھی اسی رجمنٹ سے تھا۔

پاک فوج کے نئے سربراہ 29 نومبر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے

جس کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے ہاکی گراؤنڈ میں ہوگی

جہاں سبکدوش ہونے والے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اپنے نئے جانشین کو پاک فوج کی کمان کی علامتی چھڑی پیش کریں گے۔

متعلقہ خبریں