Daily Mashriq


دبئی ٹیسٹ:پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننز اور 16 رنز سے شکست دے

دبئی ٹیسٹ:پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننز اور 16 رنز سے شکست دے

ویب ڈیسک:پاکستان نے کیویز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 1 ، 1 سے برابر کر دی۔

دبئی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دیدی، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 312 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں، گزشتہ روز یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے 10 شکار کیے تھے اور آج انہوں نے مزید 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 131 رنز سے کھیل کا آغاز کیاروس ٹیلر 49 اور ٹام لیتھم 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کیوی بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کی اور کریز پر زیادہ سے زیادہ دیر تک ٹہرنے کی کوشش کی دونوں بلے بازوں نے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے مجموعی اسکور 146 تک پہنچایا تو لیتھم 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ٹیلر بھی 82 رنز بنا کر بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 وکٹوں پر 222 رنز ہی بناسکی۔ وقفے کے بعد کیوی بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور وکٹ بچانے کی کوشش کرتے رہے تاہم 255 کے مجموعی اسکور پر بی جے ویٹلنگ 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کیوی ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔ 270 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کا چھٹا کھلاڑی، 285 پر ساتواں، 301 پر آٹھواں جبکہ 311 پر نواں اور 312 پر آخری کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 418 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فالو آن کروایا تھا۔

متعلقہ خبریں