Daily Mashriq

کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا آغاز

کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا آغاز

ویب ڈیسک:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا افتتاح کردیا، نمائش میں دنیا بھر سے کئی ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔

دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز2018‘ کاباقاعدہ افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی نمائش کے دوران موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، اس دوران وہ بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش 30 نومبر تک جاری رہے گی جس میں امریکا، برطانیہ، روس اور چین سمیت 50 ممالک کے 250 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق رواں برس گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے جن کے دفاعی وفود بھی نمائش میں شریک ہیں، نمائش میں ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اوردنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔  دفاعی نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ آئیڈیاز 2018 کے دوران مختلف ممالک سے دفاعی معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

4 روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ بھی کریں گے جبکہ سی ویو نشان پاکستان پر عام شہریوں کے لیے ایئر شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش کے حوالے سے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔

ٹریفک پلان :

چار روز تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہے گا۔ 

رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا ایریا میں جاسکیں گے، کارساز سے نیشل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کے لئے بند ہوگا، شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جاسکے گی۔

متعلقہ خبریں