Daily Mashriq


منی بجٹ کا فائدہ عوام کو نہیں خان صاحب کی اے ٹی ایم کو ہوا،بلاول بھٹوزرداری

منی بجٹ کا فائدہ عوام کو نہیں خان صاحب کی اے ٹی ایم کو ہوا،بلاول بھٹوزرداری

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ سلیکٹڈ حکومت سلیکٹڈ وزیراعظم اور سلیکٹڈ وزیر ہیں، ہم نے ضیاء اور مشرف کی جیلیں دیکھیں، عمران خان کی جیل بھی جانے کو تیار ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں غریب عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا، منی بجٹ سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے سے غریب متاثر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صرف انقلابی نعرے لگائے،اقدامات نہیں کیے جب کہ عمران خان کو اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی بات کرتے تھے تاہم بجٹ میں فائدہ ہوا ہے تو عمران خان کی اے ٹی ایم کو، وزیراعظم ہاؤس میں بھینسوں کی نیلامی سےمذاق بنا کیونکہ اشتہارات کےخرچ کو دیکھیں تونیلامی نقصان میں رہی۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے مایوسی ہوئی، یہ منی ڈرامہ ہے جو پی ٹی آئی کی عادت ہے، لگتا ہے تبدیلی والے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بجٹ سے امیروں اور کالے دھن والوں کو فائدہ ہوا ہے، نان فائلرز کو چھوٹ دینا کسی سکینڈل سے کم نہیں، ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دلوائی، ہم نے چوہدری نثار جیسے اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین کمیٹی بنایا تاکہ کڑا احتساب ہو۔

متعلقہ خبریں