Daily Mashriq


وزیراعظم عمران خان کا طاہرالقادری کو فون، ماڈل ٹاون کیس میں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان کا طاہرالقادری کو فون، ماڈل ٹاون کیس میں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، دیوانی و فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

ان کا کہنا تھا ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی جائے گی اور  واقعے میں ملوث افراد کو مناصب سے الگ کر کے بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے، قانون کی بالادستی کیلئے وزیراعظم کا ویژن قابل تحسین ہے، انصاف کی امید دلانے پر وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔

متعلقہ خبریں