آئین کو ہمیشہ جوتے کی نوک پر رکھا گیا،میرا مستقبل کہاں ہے کچھ نہیں کہہ سکتا،نوازشریف

آئین کو ہمیشہ جوتے کی نوک پر رکھا گیا،میرا مستقبل کہاں ہے کچھ نہیں کہہ سکتا،نوازشریف

ویب ڈیسک:نواز شریف کا کہنا ہے آئندہ انتخابات میں ووٹ کو عزت دلوائیں گے، نہیں جانتا کہ مستقبل میں کہاں ہوں گالیکن جہاں بھی ہوں گا اپنے مؤقف پر ڈٹا رہوں گا۔

سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی تاریخ میں فیصلہ کن موڑ آگیا ہے، کارکن تیاری کریں۔ انہوں نے کہا ہماری پارٹی کو توڑنے کی بہت کوشش کی گئی ہے، کچھ لوگ جو گئے وہ ہمارے تھے ہی نہیں، مجھے اور آپ کو ماضی کی تلافی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا ذاتی مفاد کیلئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچ گیا ہے، جی ٹی روڈ مارچ جیسے مناظر اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنے مستقبل کو سنوارنے کیلئے ملک سے عہد کرنا چاہیے، مجھے 7 سال ملک سے جلا وطن کر دیا گیا تھا، 14 ماہ جیل میں نہیں قلعہ میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کون سا وزیراعظم ہے جس نے اپنی مدت پوری کی ہو، کیا ہم صرف دیکھتے رہیں گے یا کوئی اسٹینڈ بھی لیں گے، ہمیں اپنی سوچ اور فکرکو تبدیل کرنا ہوگا، اگر کچھ نہیں کرنا تو عوام کی نمائندگی کا کوئی حق نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان منافقت کرتے ہیں، زرداری کو بیماری کہنے والے انہیں ہی ووٹ دیتے ہیں، اوپر سے آرڈر لینے ہیں تو سیاست نہ کریں، یہ کس منہ سے نیا پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں، پی ٹی آئی والوں نے تیر پر مہر لگائی۔ انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت ہوئی، بلوچستان میں ہماری حکومت ختم کی گئی، ہماری پارٹی سے وہی گئے جن کو ہم نے ٹکٹ نہیں دینے تھے۔ ان کا کہنا تھا  اوپر سے آرڈر آگیا   سچ پرویز خٹک کے منہ سے نکل گیا، کیا بنی گالہ اوپر ہے ؟۔

متعلقہ خبریں