Daily Mashriq


علی ظفر کی ملالہ یوسف زئی کے حوالے سے دئیے گئے بیان کی وضاحت

علی ظفر کی ملالہ یوسف زئی کے حوالے سے دئیے گئے بیان کی وضاحت

 گلوکار واداکار علی ظفر نے ملالہ سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملالہ ایک سچی سپاہی ہے اور میشا شفیع کبھی بھی ملالہ نہیں بن سکتی۔

علی ظفر نے لاہور سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہراسانی کیس پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حق اور سچ پر ہیں اسی لیے بن بلائے عدالت میں آئے ہیں جب کہ میشا شفیع جھوٹی ہیں جو عدالتوں کے بلانے پر بھی نہیں آتیں۔

علی ظفر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  میشا شفیع نے یہ سب مکمل منصوبہ بندی کے تحت اپنے ذاتی مفاد کے لیے مجھے ٹارگٹ کرکے کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کیا انہوں نے یہ سب اسلیے کیا کہ وہ کینیڈا جاکر اور عالمی سطح پر پہچان بنا کر ملالہ بننا چاہتی ہیں یہ مجھے نہیں پتہ یہ آپ لوگ بہتر جانتے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے  میشا شفیع کےخلاف بیان کے دوران جب ملالہ کا ذکر کرنے پر علی ظفر پر تنقید کی گئی تو علی ظفر نے ملالہ یوسفزئی کا نام لینے پر وضاحتی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ ملالہ ایک سچی سپاہی ہے جو ہمیشہ سچ اور انصاف کے لیے کھڑی رہی اس نے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ میشا جھوٹ بول کر، انصاف سے بھاگ کر اور سوشل میڈیاپر جعلی پروفائلز کے پیچھے چھپ کرکبھی بھی ملالہ نہیں بن سکتی۔‘‘

 واضح رہے کہ گزشتہ برس میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں کئی بار ہراساں کیا ہے جس کے جواب میں علی ظفر نے میشا شفیع پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایاتھا۔

متعلقہ خبریں