Daily Mashriq

اصولوں کا پیکر قائد

اصولوں کا پیکر قائد

قائد ملت نے وطن عزیزکواتحاد،اتفاق،ہمت اورنظم وضبط اور جہد مسلسل سے حاصل کیاہے نہ کہ کسی جنگ وجدل کے ذریعے ۔قائدمحمدعلی جناح ؒنے تاریکیوںمیںجومشعل روشن کی ہے آج بھی وطن کاہربچہ ان کااحسان مندہے کیونکہ اس عظیم رہنماء نے اس ملک میںبسنے والوںکیلئے ایک آزادماحول فراہم کیاہے خواہ وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں۔ قائداعظم محمدعلی جناحؒبلندشخصیت کے مالک، کردارکی پختگی اوراصولوںپرثابت قدمی کا بہترین نمونہ تھے۔شیکسپیئرکے بقول کچھ لوگ پیداہی عظیم ہوتے ہیںاورکچھ اپنی جدوجہد، کارناموں،اصولوںاورمحنت کی بدولت عظمت حاصل کرلیتے ہیں جبکہ پاکستان میں عظمت،قابلیت اورنیک نامی کی ساری خوبیاںپیدائشی تھیں اوریہ خوش قسمتی ہمیںنصیب ہوئی کہ اللہ تعالیٰ نے باب السلام سندھ کے مشہورشہرکراچی میں 25 دسمبر 1876 بروز پیر جناح پونجاہ کے گھرپیداہونیوالے بچے جس کی پیدائش ہی کے وقت سے لوگوںنے اسے دیکھتے ہی کہناشروع کیاتھاکہ یہ بچہ بڑھاہوکربادشاہ بنے گااوریہ الفاظ اس وقت حقیقت بن گئے کہ جب برصغیرمیںایک آزادمسلم مملکت کے قیام کاوہ دیرینہ خواب جومسلمانان ہندگزشتہ دوصدیوںسے دیکھتے چلے آرہے تھے پورا ہوگیا اور 14اگست 1947کوقائداعظم محمدعلی جناحؒ کی مدبرانہ صلاحیتوں،فہم وفراست اورغیرمتزلزل عزم وہمت،سیاسی بصیرت اوربے مثل قائدانہ صفات کی بدولت مسلمانوںکی بقاء وسلامتی کی خاطرایک آزادملکپاکستان کی شکل میںمعرض وجودمیںآیا۔ بلاشبہ سیاست میںغیرمتنازعہ رہناکمال کی بات ہے اس کیلئے جس بے داغ اوراجلے کردارکی ضرورت ہوتی ہے وہ ذاتی قربانیوںکے بغیرحاصل نہیںہوتا۔پاکستان کیاپوری دنیامیںاس کی مثال کم ملتی ہے کہ کسی سیاست دان کے کردار کواس کے مخالفین بھی سراہتے ہوں۔قائد ملت سیاسیات عالم کی ایسی ہی بے مثال، غیر معمولی اورمنفردشخصیت ہیں۔ عظمت کیا ہوتی ہے اورکیسے حاصل کی جاتی ہے؟اس بارے میںمفکرین کے اقوال بہت کم مل جاتے ہیں لیکن عظمت کابنیادی اصول یہ ہے کہ بے غرض اوربے لوث ہوکر بلاامتیاز اجتماعی فلاح وبہبودکیلئے ایسے اقدامات کئے جائیںجن سے انسانوںکی ایک بڑی تعداد اجتماعی طورپراستفادہ کرسکے۔ قائد ملت عظمت کے اصولوں پر پورااترتے وہ حقیقی معنوںمیںقائد تھے۔ ان کی بے غرضی کایہ عالم تھاکہ انہوںنے سب سے پہلے سخت ڈسپلن اپنی شخصیت پرنافذکیا۔عیش ، آرام اورتن آسانی کی زندگی انہوںنے کبھی نہیںگزاری۔اپنی ذاتی کامیابی اور آسائش کیلئے کبھی کوئی کام نہیںکیابلکہ جن سخت ضوابط کی توقع وہ دوسروںسے کیاکرتے تھے ان کی پابندی سب سے پہلے خود کیاکرتے تھے۔کام کام اور صرف کام کااصول دوسروںکیلئے بعد میںاوراپنے لئے پہلے تھااوریہی وجہ سے کہ انہوںنے مختصرسی زندگی میںتخلیق پاکستان کا کارنامہ انجام دیا۔اس عظیم مقصدکے حصول کیلئے قائد اعظم ؒ نے ذاتی آرام کوبالائے طاق رکھ اپنی صحت دائوپرلگادی تھی۔

21اگست 1936کوکلکتہ یونیورسٹی میںپوسٹ گریجویٹ طلباء سے قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ ’’آپ اچانک ایک نئی دنیا تخلیق نہیں کر سکتے،حصول آزادی کیلئے آپ کوایک عمل سے گزرناہوگاآپ کوآگ کے دریا، ابتلااور قربانیوںکی راہ سے گزرناپڑے گا،مایوس نہ ہوں قومیںایک دن میں نہیں بنا کرتیں، آپ حقائق کا مطالعہ کریں،انکاتجزیہ کریںاورپھراپنے فیصلوں کی تعمیرکریں‘‘۔

قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے پاکستان کے آنے والی نسلوںکیلئے رہنما اصول چھوڑیںجن کواپناکرہم اپنانام دنیامیںروشن کرسکتے ہیںکیونکہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایاکہ ’’اسلامی تعلیمات کی درخشندہ روایات وادبیات اس امرپرشاہدہیںکہ د نیاکی کوئی بھی قوم جمہوریت میں ہمارامقابلہ نہیںکرسکتی جواپنی مذہب میںبھی جمہوری نکتہ نظررکھتے ہیں‘‘۔

جنرل گل حسن اپنی یاداشتوںکی کتاب’ ’آخری کمانڈران چیف‘‘ میںلکھتے ہیںکہ قائداعظم بچت کے زبردست حامی تھے،گورنرجنرل ہائوس میں انہوںنے جورہنماء اصول بنائے ان سے تجاوزکرناممکن نہ تھا۔وہ لکھتے ہیںکہ ایک بار میںنے ان سے پوچھاکہ کابینہ کے اجلاس کے دوران چائے یاکافی پیش کرنے کیلئے وہ کونساوقت پسندفرمائیںگے جواب سادہ اورمختصرتھا ’’کسی وقت بھی نہیں،ہرشخص کافی یاچائے گھرسے پی کرآئے‘‘۔آج جس آزادی سے ہم فیضیاب ہورہے یہ قائداعظم کی انتھک محنت اوربرصغیرپاک وہندکے مسلمانوںکیلئے الگ ریاست بنانے کی لگن کا نتیجہ تھا۔

وفات سے دوتین دن قبل پروفیسرڈاکٹر ریاض علی شاہ کی قائداعظم سے ملاقات ہوئی اورقائدنے ڈاکٹر ریاض علی شاہ سے فرمایاکہ تم جانتے ہو کہ جب مجھے یہ احساس ہوتاہے کہ پاکستان بن چکاہے، تومیری روح کوکس قدراطمینان ہوتاہے۔ یہ ایک کٹھن اور مشکل کام تھا جو میںاکیلانہیں کرسکتاتھا میرا ایمان ہے کہ یہ رسول خداکاروحانی فیض ہے کہ پاکستان وجود میں آیااب یہ پاکستانیوں کافرض ہے کہ وہ اسے خلافت راشدہ کانمونہ بنائیںتاکہ خدااپناوعدہ پورا کریں اور مسلمانوں کوزمین کی بادشاہت دے۔

یوںدی ہمیںآزادی کہ دنیاہوئی حیران

اے قائد اعظم ترا احسان ہے احسان

متعلقہ خبریں