Daily Mashriq

بھارتی طیارہ گرانے پر سندھ بھر کے عوام کا پاک فضائیہ سے اظہار یکجہتی

بھارتی طیارہ گرانے پر سندھ بھر کے عوام کا پاک فضائیہ سے اظہار یکجہتی

حیدر آباد: بھارتی طیارہ گرانے کے بعد پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے سیاسی و سماجی اداروں کے علاوہ پرجوش عوام صوبے سندھ بھر کی سڑکوں پر نکل آئی۔

حیدر آباد کی مقامی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں نے بیانات جاری کرتے ہوئے بھارت کے جنگی جنون کی مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالجبار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن بھارتی حکمران اپنے مفاد کے لیے جنگ کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ جنگ کی مخالفت کی ہے اور آگے بھی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ہر چیز مذاق نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جس کی وجہ سے تمام سیاسی و مذہبی قوت سیاسی اختلافات کے باوجود متحد ہیں‘۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی دنیا میں امن کے لیے خطرناک ہے، دونوں اطراف کے حکمرانوں کو مسائل کا حل مذاکرات سے نکالنا ہوگا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سندھ پروکسی وار کے لیے میدان جنگ بن جائے گا کیونکہ نہ صرف لسانی بلکہ مذہبی انتہاپسند اور علیحدگی پسند بھارت کی حمایت سے دہشت گردی کے ذریعے سندھ کے ٹکڑے کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے بھارت پر خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کا الزام لگایا۔

انکا کہنا تھا کہ مودی کی ٹیم میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ویزا پالیسی کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور کرتارپور سرحد کھولی ہے تاکہ امن کو فروغ حاصل ہو اور پلوامہ حملے کی مذمت بھی کی ہے تاہم بھارت نے اسے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کے ساتھ جوڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی قوتیں اور پڑوسی ممالک چاہتے ہیں کہ پاکستان سی پیک سے الگ ہوجائے اور بھارت پاکستان کی ترقی روکنا چاہتا ہے۔

بھارت، افغانستان اور اسرائیل سمیت عالمی قوتیں پاکستان، چین، ایران، سعودی عرب اور روس کے درمیان دفاعی و معاشی تعاون قبول کرنے کو تیار نہیں اور بھارت اسے انتخابات کی وجہ سے خراب کر رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما حافظ طاہر مجید نے بھارتی طیارے کو گرانے پر پاکستان آرمی کی تعریف کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عمران قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی طیارے کے گرانے سے بھارتی پروپگینڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔

سکھر: مزدور شہری اتحاد نے جیکب آباد میں ریلی نکال کر پاکستان آرمی کا بھارت کو کرارا جواب دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ریلی کے شرکا نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی اور قومی امن کمیٹی کی جانب سے بھی پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار میں ریلی نکالی گئی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پوی قوم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

سکھر ڈیولپمنٹ الائنس نے بھی صرافہ بازار سے کلاک ٹاور چورنگی تک ’پاکستان زندہ باد – بھارت مردہ باد‘ ریلی نکالی۔

میر پور خاص: انجمن تاجران، ینگ لائرز فورم، علماء ایکشن کمیٹٰی نے پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار میں ریلیاں نکالیں۔ ریلی کے شرکا نے بھارت مخالف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی بھارت سے جنگ کے لیے تیار ہے اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

واب شاہ: انجمن تاجر اتحاد اور دیگر اداروں نے بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی۔

اتحاد رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں سمیت تمام پاکستانی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور بھارتی وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے جنگ مسلط کی تو پاکستان کے دفاع میں اس کا ہر شہری اپنا کردار ادا کرے گا۔

نوشہرو فیروز: نوشہرو فیروز اور مورو ٹاؤنز میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی کے شرکا میں اسکول کے بچے بھی شامل تھے جنہوں قومی جھنڈا لہرایا اور پاک فوج کے حق میں اور بھارتی وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کی۔

متعلقہ خبریں