Daily Mashriq

آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ، یونائیٹڈ 5 وکٹوں سے کامیاب

آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ، یونائیٹڈ 5 وکٹوں سے کامیاب

اسلام آبا یونائیٹڈ نے آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو اعصاب شکن مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آصف علی نے اپنی جارحانہ مزاج بلے بازے کا شاہکار دکھایا اور ٹیم کو گروپ اسٹیج میں اہم فتح دلوائی اور ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پہنچادیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گزشتہ 2 میچز کی طرح اس مرتبہ بھی کالن منرو کا بلا رنز اگلنے سے قاصر رہا اور وہ رومان رئیس کی گیند پر 4 رنز بنانے کے بعد 23 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیام لیونگسٹن کے ساتھ 78 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ قائم کرکے 11ویں اوور میں ہی ٹیم کو 101 رنز تک پہنچا دیا۔

 تاہم اس اسکور پر لیونگسٹن شاداب خان کی گیند پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ کولن انگرام کے ہمراہ 32 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی لیکن 133 پر انگرام 13 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے کراچی کنگز کے بلے بازوں کے لیے پریشانی کھڑی کرنے کی کوشش کی، لیکن بابر اعظم ان کے ارادوں کے درمیان آگئے۔

 تاہم شاداب الیون نے دوسری جانب سے 12 رنز بنانے والے بین ڈنک اور 2 رنز بنانے والے عماد وسیم کو بھی پویلین بھیج کر بابر اعظم کے ارادوں کو بھی کمزور کردیا۔

بابر اعظم 68 رنز بنانے کے بعد 19ویں اوور میں فہیم اشرف کی گیند پر 161 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو بڑا ہدف بنانے سے روکے رکھا اور کنگز مقرر 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

 ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہیں ہوا جہاں کیمرون ڈیلپورٹ ایک مرتبہ پھر جلدی پویلین لوٹ گئے، اس مرتبہ انہوں نے کوئی رن اسکور نہیں کیا۔

لیوک رونکی 26 اور حسین طلعت ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے میچ میں فتح حاصل کرنا تقریباً ناممکن دکھائی دے رہا تھا۔

ایسے میں جارح مزاج بلے باز آصف علی نے اپنے روایتی بلند و بالا چھکے لگا کر ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔

آصف علی نے فل سالٹ کے ساتھ ٹیم کو 93 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جو میچ میں واضح فرق ثابت ہوئی۔

 ٹیم کے مجموعی اسکور 140 پر آصف علی 70 رنز بنانے کے بعد اور فل سالٹ 46 رنز بنانے کے بعد 152 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو جیت کے لیے محض 17 رنز درکار تھے۔

میچ آخری اوور تک پہنچا تو یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو چھکا لگا کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلوائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، جبکہ آصف علی کو 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

 ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے با آسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔

اس فتح کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔

متعلقہ خبریں