Daily Mashriq

نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل

نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل

نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل میچزکیلیے تقریباً تیار ہو چکا، تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا، چھتوں کی صرف 30فیصد تنصیب باقی ہے، سیکیورٹی فورسز بھی مستعد ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کو7سے 17 مارچ تک فائنل سمیت پی ایس ایل کے 5میچز کی میزبانی کرنا ہے، وینیو پر جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے،www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کی رپورٹ کے مطابق ڈریسنگ روم، چیئرمین باکسز اور میڈیا سینٹر تیار ہوچکے، پریس کانفرنس ہال بھی نیا بنایا گیا ہے، کئی انکلوژرز میں نئی کرسیاں نصب دیگر میں  نشستوں پر رنگ وروغن کردیا گیا۔

اسٹیڈیم ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے، سب سے بڑا چیلنج چھتوں پر ٹیفلون فیبرک کی تنصیب تھی، اس کا 70 فیصد کام مکمل ہوچکا، میدان بھی ہرا بھرا نظر آرہا ہے، دوسری جانب سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔ریذیڈنٹ انجینئر عمران زبیری نے کہاکہ زیادہ تر کام بالکل آخری مراحل میں ہے اور1،2روز میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا، چھتوں کیلیے ٹیفلون فیبرک کی آخری کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے، اس کو فوری طور پر نصب کردیا جائے گا، جو تھوڑا بہت کام رہ گیا اس میں قطعی طور پر تاخیر نہیں ہوگی۔

ایک سوال پر انھوں نے اعتراف کیا کہ تعمیراتی کام کی وجہ سے اسٹیڈیم کے صدر دروازے کے باہر کا ماحول کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑ رہا، اس کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کا کام بھی  بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں