Daily Mashriq

سندھ میں اقلیتی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون جج ثمن بودانی

سندھ میں اقلیتی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون جج ثمن بودانی

سندھ کے ضلع شہداد کوٹ سے تعلق رکھنے والی ثمن بودانی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جو سول جج کے عہدے پر تعینات ہوئی ہیں۔

انھوں نے جوڈیشل افسران کا امتحان پاس کیا اور میرٹ لسٹ میں 54 نمبر پر آئیں ہیں، جس کے بعد انھیں سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔

شہداد کوٹ سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر واقع ایک پسماندہ شہر ہے، سنہ 2010 کے سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے اضلاع میں شہداد کوٹ بھی شامل تھا۔

ثمن بودانی نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم آبائی شہر سے ہی حاصل کی، حیدرآباد سے ایل ایل بی کے بعد انھوں نے زیبسٹ یونیورسٹی کراچی سے ایل ایل ایم کیا۔ وہ کراچی میں نامور وکیل جسٹس ریٹائرڈ رشید رضوی کی لاء فرم کے ساتھ منسلک رہیں اور ان کے ساتھ دو سال پریکٹس کی۔

ثمن بودانی کا قانون کے شعبے میں آنا والد کا فیصلہ اور خواہش بھی تھی۔

ان کے والد ڈاکٹر پون بودانی نے بی بی سی کو بتایا کہ حیدرآباد میں سندھ یونیورسٹی سے منسلک کالج میں پانچ سالہ قانون کی ڈگری کے پروگرام کا آغاز ہو رہا تھا، یہ اس کا پہلا بیچ تھا۔ انھیں شوق ہوا کہ یہ فیلڈ بہت اچھی ہے اور دل کی خواہش تھی کہ بچے غریبوں کو انصاف دلانے میں مددگار ثابت ہو سکیں اس لیے سمن کو اس شعبے میں بھیج دیا۔

ثمن کماری کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کا تعلق دیہی علاقے سے ہے، وہاں انھوں نے کافی لوگوں کو مسائل کا شکار دیکھا جو عدالتی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے۔

میں نے سوچا تھا کہ میں وکالت میں جاؤں گی اور انہیں انصاف دلاؤں گی۔‘

سندھ میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں زیادہ تر ڈاکٹر بننے یا تعلیم کے شعبے سے منسلک ہونے کو ترجیح دیتی ہیں

ثمن کے والد ڈاکٹر پون بودانی شہداد کوٹ میں آنکھوں کے امراض کا کلینک چلاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 1991 میں انھوں نے کمیشن پاس کیا لیکن سرکاری ملازمت میں کم تنخواہ کے باعث پرائیوٹ پریکٹس کو ترجیح دی اور وہ سنہ1992 سے شہداد کوٹ میں ہی پریکٹس کر رہے ہیں۔

ثمن بودانی ، ڈاکٹر پون کی اکلوتی اولاد نہیں جس نے والدین اور برادری کا نام روشن کیا، ڈاکٹر پون کے مطابق ان کی بڑی بیٹی سافٹ ویئر انجنیئر ہیں، دوسری بیٹی جج بنی ہیں، تیسری عمان میں چارٹرڈ اکاؤٹنٹ ہیں جبکہ ایک بیٹا نجی یونیورسٹی میں آڈیٹر اور دو چھوٹے بیٹے کالج میں زیر تعلیم ہیں جو ڈاکٹر بننے کے خواہشمند ہیں۔

سندھ میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں زیادہ تر ڈاکٹر بننے یا تعلیم کے شعبے سے منسلک ہونے کو ترجیح دیتی ہیں اور عام عوامی رابطے والے شعبوں سے دور رہتی ہیں۔

ثمن کماری کا کہنا ہے کہ انھیں معلوم ہے کہ ان کی ’ برادری اس فیصلے کی حمایت نہیں کرے گی کیونکہ وہ اس شعبے میں لڑکیوں کے کام کرنے کو پسند نہیں کرتے، تاہم والد اور بہن بھائیوں کی مکمل مدد اور حمایت حاصل رہی حالانکہ اس بارے میں خاندان کو کئی باتیں بھی سننی پڑیں لیکن میرے خاندان نے ان باتوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مجھے اس مقام پر پہنچا دیا‘۔

سوشل میڈیا پر ثمن بودانی کے پروفائل کے مطابق وہ سنگیت میں لتا منگیشتر اور عاطف اسلم کی مداح ہیں جبکہ ان کی پسندیدہ فلموں میں سرفہرست ’ویوواہ‘ اور ’دے ڈیولز ایڈووکیٹ‘ ہیں، اس کے علاوہ وہ شاعری پڑھنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔

سندھ کے متعدد اضلاع میں ہندو برادری کی لڑکیوں کو مبینہ طور پر جبری تبدیلی مذہب کا سامنا ہے

بالائی سندھ کے اضلاع بشمول شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں ہندو برادری کی لڑکیوں کی مبینہ طور پر جبری تبدیلی مذہب اور کاروباری حضرات کے اغوا کی شکایت آتی رہیں ہیں، ڈاکٹر پون کمار کا کہنا ہے کہ اب حالات میں کافی بہتری آئی ہے تاہم اب بھی کچھ شکایات کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر پون کمار سمجھتے ہیں کہ ان کے دیگر بچوں کی نسبت ثمن کی ملازمت مشکل ہے، ان کی اپنے بچوں کو تو یہ ہی تلقین ہے کہ ’ایمانداری کے ساتھ اپنا کام کریں، اس کام میں بظاہر مشکلات ضرور آئیں گی کیونکہ یہ منصب ہی ایسا ہے لیکن ان مشکلات کا سامنا تو کرنا ہے۔‘

متعلقہ خبریں