Daily Mashriq

جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نگران وزیراعظم کیلئےنامزد

جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نگران وزیراعظم کیلئےنامزد

ویب ڈیسک:حکومت اور اپوزیشن میں نگراں وزیراعظم کے معاملے پر سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں  قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اوراسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی موجود تھے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا چناؤ مشکل کام تھا تاہم آج بھی تاریخی دن ہے اور ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، ایسا فیصلہ جو پاکستان کے عوام اور سیاسی پارٹیوں کے لیے قابل قبول ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) ناصرالملک کا نام ہم نے پارٹی میں مشاوت کے بعد منتخب کیا، 6 ناموں میں سے 4 نام زیر غور آئے جس میں سے جسٹس (ر) ناصر الملک کو منتخب کیا، اب جو پارٹی الیکشن جیت کر آئے گی جسٹس (ر) ناصرالملک حکومت ان کے حوالے کرینگے۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر)  ناصرالملک کےنام پر سب متفق ہیں، کئی ہفتوں سے اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری تھا، اس پر فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا تاہم  اپوزیشن جماعتوں اور قائد حزب اختلاف کی طرف سے تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں۔ 

اس سے قبل وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے معاملے پر متعدد ملاقاتیں ہوئیں جس میں نگراں وزیراعظم کے لیے کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا تاہم آج کی ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہوا اور نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرلیا گیا۔

متعلقہ خبریں