Daily Mashriq

یوم تکبیرنہ جھکنے کے اعلان کا دن ہے،نوازشریف

یوم تکبیرنہ جھکنے کے اعلان کا دن ہے،نوازشریف

اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف نے کہاہے کہ یوم تکبیر قومی غیرت اور پاکستانی قوم کے نا جھکنے کے اعلان کا دن ہے،قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،عوام کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی ، ووٹ کی عزت ، پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کرونگا۔ پیر کو مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے جاری کیئے گئے پیغام میں کہا ہے کہ 28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیاگیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا،یوم تکبیر قومی غیرت کا دن ہے۔انہوںنے کہاکہ 28 مئی پاکستانی قوم کے نا جھکنے کے اعلان کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد ہماری گذشتہ حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرکے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کیا ، تو عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میرا ایک اصولی موقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار رہے اور پاکستان میں بسنے والے خود اختیار رہیں اس نظریہ کی سزا میں پہلے اب بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں لیکن جیل کی اس کال کوٹری سے میں اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی ، ووٹ کی عزت ، پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کرونگا۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہے نگے۔ اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو ہو۔ پاکستان زندہ باد

متعلقہ خبریں