Daily Mashriq

 پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو کلید ی اہمیت حاصل ہے:شاہد آفریدی

پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو کلید ی اہمیت حاصل ہے:شاہد آفریدی

فیصل آباد:کرکٹ سٹار اور شاہد آفریدی فائونڈیشن کے بانی شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو کلید ی اہمیت حاصل ہے اور شاہد آفریدی فائونڈیشن ملک کے پسماندہ علاقوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد میں بھی سکول قائم کرے گی۔

 یہ بات آج انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں صنعتکاروں اور تاجروں کے علاوہ کرکٹ کے شوقین نوجوانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے انہیں عزت ملی اور اب وہ اس کے بدلے ملک کے محروم طبقوں کیلئے صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ تھر کے پسماندہ علاقہ میں وہ اینگرو کے تعاون سے ڈھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں جو بہت جلد کام شروع کر دے گا۔ صاف پانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں آج اکیسویں صدی میں بھی انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں۔ تاہم ان علاقوں میں پانی کے ٹینک بنوائے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو دور سے پانی نہ لانا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کا آغاز سندھ کے ایک گائوں سے کیا گیا جہاں 59غیر مسلم خاندان بھی آباد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اکیلے ہی اس سفر کا آغاز کیا تھا لیکن اس کے دائرہ کار میں اضافے سے مسائل بھی پیدا ہونے شروع ہو گئے جس کیلئے انہیں خاص طور پر مخیر لوگوں کی مدد درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل آباد کے پسماندہ علاقوں میں بھی سکول قائم کریں گے۔فاؤنڈیشن  کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر ذیشان افضل نے  فاونڈیشن کے بارے میں بتایا کہ فاؤنڈیشن صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،گزشتہ تین سالوں سے اس ہسپتال سے ایک لاکھ پینتیس ہزار لوگ علاج جبکہ 25ہزار لیبارٹری ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ایوان صنعت وتجارت کے صدر رانا محمدسکندر اعظم خاں نے شاہد خان آفریدی کے خدمت خلق کے مشن کو سراہا اور بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ڈیڑھ کروڑ افراد کی نمائندگی کر رہا ہے جبکہ اس کے ممبرز کی تعداد 7 ہزار ہے ۔ تاجر برادری شاہد خان آفریدی کے روڈ ٹو ایجوکیشن پروگرا م میں اپنا بھر پور حصہ لے گی۔

متعلقہ خبریں