Daily Mashriq

ملکی ترقی کیلئے کام کرنے والوں سے ہمیشہ برا سلوک کیا گیا،آصف علی زرداری

ملکی ترقی کیلئے کام کرنے والوں سے ہمیشہ برا سلوک کیا گیا،آصف علی زرداری

ویب ڈیسک:سٹیبلشمنٹ نے ملکی ترقی کیلئے کام کرنے والوں سے کبھی اچھا نہیں کیا، یہ ہمیں جتنا ماریں گے ہم اتنا آگے بڑھیں گے۔

کشمور میں پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ بولی میری میٹھی ہے لیکن اسلام آباد میں بیٹھے گونگے بہروں کو مخاطب کرنے کے لیے اردو میں بولتا ہوں۔

 پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ میں جب بھی کسی نے ملک اور ملکی ترقی کے لیے کام کیا تو اسٹیبلشمنٹ نے ان سے اچھا سلوک نہیں کیا لیکن ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا، ہم اس سے نہیں ڈرتے، یہ ہمیں پکڑے ہوئے ہیں کہ ہم باہر نہیں جاسکتے، میں نے تو ضمانت کے وقت اپنا پاسپورٹ جمع کرادیا تھا مجھے ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں۔

 پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تم نے صرف بینڈ بجانا ہے ، بجاؤ ، اس سے میرا ووٹر متاثر نہیں ہوتا، اللہ کے فضل سے ہم زردار ہیں ہر حال میں خوش ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ میری حکومت نہیں گراسکے ، میں نے انھیں پانچ سال حکومت چلا کر دکھائی، آپ کے پاس عقل نہیں تو میں کیا کروں اور کوئی میری سننے کو تیار نہیں جب کہ ہم دھرتی اورعوام کی خاطر لڑ رہے ہیں، جہاں سے گیس نکل رہی ہے پہلے اس صوبے کا حق ہے، سوچ یہ ہے جب صوبوں کو حق دو تو اس کا نقصان ہوگا۔

 سابق صدر نے کہا کہ آپ کہتے ہیں پیٹرول پمپ لگے گا تو وہ بھی ہمارا ہوگا، میرااس میں شیئر نہیں، یہ میرا دھندا نہیں آپ کا ہے اور اپنی صدارت کے وقت فارن آفس سے پوچھتا نہیں بتاتا تھا جب کہ میں نے پانچ سال کامیابی سے حکومت چلائی، اپنے دور میں ہم نے پانچ پل بنائے اب چھٹا بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ کی آبادی اتنی نہیں جتنی دکھائی گئی بلکہ اس سے زیادہ ہے، ہمارا اسلام آبادی روکنے کی اجازت نہیں دیتا، کوئی میرے کہنے پر آبادی نہیں روکے گا، جو آبادی چالیس سال بعد ہونی ہے مجھے اس حساب سے فیصلے کرنے ہیں، یہ چالیس سال آگے کا دیکھ ہی نہیں سکتے، اس لیے بھٹو نے نیو کلیئر پروگرام شروع کیا، انہیں نظر آرہا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمارا پڑوسی ہمیں غلام بنالے، اگر بی بی اور بھٹو نہ ہوتے تو جو کشمیر میں ہورہا ہے یہ ہمارے ساتھ ہوسکتا تھا۔

پیپلز کے صدر نے ایک بار پھر کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مضبوط رہیں میں ان سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔

متعلقہ خبریں