Daily Mashriq


آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج مئی کے وسط تک ملنے کا امکان

آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج مئی کے وسط تک ملنے کا امکان

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 6 سے 12 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکج مئی کے وسط تک موصول ہوجائے گا۔

آئی ایم ایف عہدیداروں سے بات چیت کے بعد ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ فنڈ حاصل کرنے کے لیے اپریل کے اوآخر یا مئی کے پہلے ہفتے میں سمجھوتہ طے پاجائے گا اور 6 سے 12 ارب ڈالر تک کا پیکج ملنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان پائے جانے والے اعتراضات گزشتہ چند ماہ کے مقابلے میں بڑی حد تک کم ہوچکے ہیں اور اب ہم سمجھوتے کی طرف گامزن ہیں۔واضح رہے کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت میں روپے کے ایکسچینج ریٹ کا معاملہ ایک پیچیدہ نقطہ تھا، جس کی قدر میں 2017 سے اب تک ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصد کمی ہوچکی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے اور آئی ایم ایف کے درمیان کوئی نظریاتی اختلاف نہیں، ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کی روشنی میں طے ہونا چاہیے، لہٰـذا اس پر کس طرح عملدرآمد ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں کیا اقدامات اٹھائے جائیں اس پر بھی بات چیت کی گئی جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔

اس بارے میں ایک تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے کچھ اقدامات کی تجویز دی ہے جس میں روپے کا آزادانہ بہاؤ بھی شامل ہے جس کے نتیجے میں کرنسی کے قدر میں مزید کمی ہوگی اور محمکہ جاتی تبدیلیاں مثلاً ٹیکس کے دائرہ میں توسیع کرنا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ادائیگیوں کے توازن میں شدید بحران کا سامنا ہے جس کے باعث کچھ تجزیہ کاروں نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ کیا حکومت قرضوں کی ادائیگی کر پائے گی کیوں کہ پاکستان کو پاک چین اقتصای راہداری (سی پیک) کی مد میں حاصل ہونے ولے 62 ارب ڈالر کی ادائیگی چین کو بھی کرنی ہے۔

تاہم وزیرخزانہ نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ چینی قرضہ ملک کے لیے مشکلات پیدا کرے گا، ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں قرض کے سنگین مسائل کا سامنا ہے لیکن چینی قرض سے کوئی مسئلہ نہیں‘۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنےایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان اپنی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ آخری موقع ہوگا جب پاکستان آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دوراہے پر کھڑا ہے، ہم اس طرح آگے نہیں بڑھ سکتے جس طرح برسوں سے ملک میں حکومتی نظام جاری ہے، ہمیں اصلاحات کرنی ہوں گی، اپنا بجٹ متوازن کرنا ہوگا، ٹیکس وصولی میں اضافہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ ان اصلاحات کی بنیاد فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط سے مطابقت ہے جو انسداِدِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے۔

اسد عمر کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ’ہمارا ماننا ہے کہ اس سلسلے میں تسلی بخش اقدامات کیے گئے ہیں‘۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے گرین سگنل آئی ایم ایف سے فنڈ کی وصولی کے لیے ضروری ہے، ایک سابق عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’یہ سمجھنا کہ آئی ایم ایف اور ایف ٹی ایف کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں محض بے وقوفی ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے بینکنگ ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے جس قسم کی تبدیلیوں کا مطالبہ ایف اے ٹی ایف نے بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں