Daily Mashriq

میری پہچان پاکستان، راحت فتح علی خان

میری پہچان پاکستان، راحت فتح علی خان

معروف گلوکار اور قوال راحت فتح علی خان نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری کے لیے منتخب کیے جانے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اعزاز کو پاکستان کی کامیابی قرار دیا ہے۔

2 دن قبل ہی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ رواں برس راحت فتح علی خان سمیت 8 عالمی شخصیات کو اعزازی ڈگری سے نوازا جائے گا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے پاکستانی گلوکار سمیت دیگر شخصیات کو رواں برس جون میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اعزازی ڈگری سے نوازا جائے گا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری کے لیے نوازے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے اس اعزاز کو اپنےخاندان کے لیے اللہ کی طرف سے نعمت قرار دیا۔

راحت فتح علی خان نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کے دوران کہا کہ انہیں یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دیے جانے کا مطلب دراصل پاکستان کی موسیقی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت بھی 1200 طلبہ کی موسیقی اور قوالی میں تربیت کر رہے ہیں اور انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جسے سراہا گیا۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ اگرچہ انہیں ہر جگہ پذیرائی ملی، لیکن ان کی پہنچان پاکستان ہے، وہ آج جو کچھ بھی ہیں اپنے ملک اور ہم وطن افراد کی وجہ سے ہیں اور ان کے لیے پہلی ترجیح بھی اپنا وطن ہی ہے۔

گلوکار نے یونیورسٹی کی اعزازی ڈگری کو اپنے خاندان اور وطن کے نام کرتے ہوئے آکسفورڈ انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

راحت فتح علی خان کا تعلق پاکستان کے معروف موسیقی کے گھرانے سے ہے اور ان کے گھرانے کو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

راحت فتح علی خان نے 7 سال کی عمر میں اپنی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا اور اب تک وہ 50 سے زائد البم ریلیز کرچکے ہیں۔

راحت فتح علی خان نے ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک گائیں ہیں اور وہ ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی ماضی میں بھی راحت فتح علی خان کو اعزازی شیلڈ سے نواز چکی ہے اور موسیقی کی دنیا میں ان کی خدمات کی تعریف کر چکی ہے۔

متعلقہ خبریں