Daily Mashriq


'میڈیا مالکان نے ملازمین کے واجبات ادا نہیں کیے تو حکومت ان کی ادائیگی روک دے گی

'میڈیا مالکان نے ملازمین کے واجبات ادا نہیں کیے تو حکومت ان کی ادائیگی روک دے گی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات میں بھیجتے ہوئے 30 یوم کے اندر اس کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل نے ایوان میں کچھ میڈیا اداروں کی جانب سے صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے پارلیمنٹ کے باہر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے احتجاجی کیمپ کے بارے میں بتایا۔

جس پر ڈپٹی اسپیکر نے قومی اسمبلی کی کارروائی کے طے شدہ اصولوں کے مطابق معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی میں بھیج دیا اور کہا کہ کسی بھی کمیٹی کو کوئی معاملہ دیے جانے پر 30 یوم میں لازمی رپورٹ جمع کروانی ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر نے ثنا اللہ مستی خیل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو احتجاج کرنے والے صحافیوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بعدازاں صحافیوں سے ملاقات کرنے کے بعد علی محمد خان نے ایوان کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت میڈیا کارکنان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

وزیر مملکت نے تنبیہہ کی کہ اگر میڈیا مالکان نے اپنے کارکنان کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی تو حکومت ان کی ادائیگی روک دے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ معاملہ وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے سامنے رکھا جائے گا اور اس کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: آزادی صحافت اور صحافیوں کے معاشی تحفظ کیلئے ملک گیر احتجاج کی کال

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رکنِ قومی اسمبلی امین الحق نے بھی اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت سے اس مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس اقدامت کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ(پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ اور آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید نے مطالبات سیکریٹری اطلاعات کے سامنے پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت میڈیا اداروں کے اشتہارات کے بلز اس شرط کے ساتھ ادا کرے کہ وہ اپنے ملازمین کے واجبات ادا کرں گے ۔

بعدازاں وزیراعظم کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور مشیر میڈیا یوسف بیگ مرزا نے بھی احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور احتجاجی صحافیوں کو ان کے مسائل حل ہونے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ خبریں