Daily Mashriq


کشمیری تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

کشمیری تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک:ہم کشمیر کو بھولنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، کشمیری تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ۔

اسلام آباد میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت ملی تو ہمیں تنہائی میں ڈالنے کی سازش کی گئی، گزشتہ 5 سال میں ساڑھے 4 سال دنیا میں پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کیلئے وکیل ہی نہیں تھا، ہم نے فیصلہ کیا کہ دفترخارجہ کو زیادہ متحرک کریں گے، ہم مزید غلامی کا طوق پہننے کو تیار نہیں تاہم اچھے تعلقات ضرور چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن ہماری ضرورت ہے کیوں کہ ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لیے امن کا ہونا ضروری ہے، امن کے لیے افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات ضروری ہیں، بھارت سے اتار چڑھاؤ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں لیکن بھارت امن کے لیے ایک قدم بڑھائے تو  ہم دو قدم بڑھانے پر تیار ہیں جب کہ افغانستان کو پاکستان کی کسی پالیسی پر اعتراض ہے تو اب بات کرنے کیلئے ایک میکنزم موجود ہے۔

 وزیرخارجہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی پالیسی کی وجہ سے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات سے تعلقات سرد مہری کا شکار ہوئے تاہم ہماری حکومت نے کوشش کی اورتعلقات کو ری سیٹ کرنے میں کامیاب رہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کے چین کے کامیاب دورے سے آج ہم سی پیک کے اگلے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، ایران کے ساتھ رابطہ برقرار ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ہمارا بہت بڑا ٹریڈ پارٹنر ہے اور ان کے ساتھ سٹریٹجک پلان طے کرچکے ہیں جب کہ امریکا فیصلہ کرچکا ہے کہ خطے میں ان کا سٹریٹیجک پارٹنر پاکستان نہیں بھارت ہے،  ٹرمپ نے پاکستان سے متعلق ٹوئٹ کی جس پر عمران خان نے موثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرتارپور کی صورت میں گگلی پھینکی اور بھارت کو دو وزیروں کو بھیجنا پڑا اور بھارت کے لیے ہمارا رسپانس مثبت اور سنجیدہ تھا لیکن ان کی سیاست آڑے آگئی۔

متعلقہ خبریں