Daily Mashriq

این آر او مانگنے والے کا نام بتایا جائے، سابق وزیراعظم نواز شریف کا مطالبہ

این آر او مانگنے والے کا نام بتایا جائے، سابق وزیراعظم نواز شریف کا مطالبہ

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے این آر او کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، خان صاحب الزام لگا رہے ہیں تو ہمت کر کے نام بھی بتا دیں کہ این آر کس نے مانگا۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ  سب جانتے ہیں میں کس کیفیت سے گزررہا ہوں، ہم ابھی تک خود کوسیاست کی جانب نہیں لاپائے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام کرتا ہوں ، گزشتہ روز ان سے ملاقات میں جو بات ہوئی وہ فی الحال نہیں بتائی جاسکتی، شہباز شریف سے ملنا اور ان سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں لیکن عوام ملک میں حالات دیکھ رہے ہیں۔

 سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات دیکھے بغیرکام کیا، جس کا آج جو نتیجہ مل رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، شہباز شریف سے متعلق آشیانہ کیس سے کچھ نہ ملا تو اب دوسرے کیس بنائے جارہے ہیں جوایک مذاق ہے جب کہ ان پرایک روپے کی چوری کا بھی الزام نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کسی سے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا، جو لوگ این آر او کی بات کر رہے ہیں وہ ہمت کرکے ان لوگوں کا نام بھی لیں جنہوں نے این آر او مانگا ہے۔

متعلقہ خبریں