Daily Mashriq


خطے میں مربوط روابط اور تجارت کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، وزیر خارجہ

خطے میں مربوط روابط اور تجارت کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے، خطے میں مربوط روابط اور تجارت کے لیے افغانستان میں قیام امن ضروری ہے۔

پاکستان اور افغانستان مذاکرات کے ساتویں دور سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے پر انحصار اور تجارتی مفادات ہیں جبکہ اقتصادی راہداری میں افغانستان کی حیثیت حقیقی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان ہمارا بڑا تجارتی شراکت دار، قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے، دونوں ممالک کو نئے آغاز کی ضرورت ہے اور یہ مذاکرات کا ساتواں دور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کو اپنا مستقبل طے کرنا چاہیے، کیا ہمیں تیسرے فریق کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے کیا کرنا ہے۔

اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں مربوط روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے، بہادر افغان عوام نے کبھی بیرونی آقاؤں کو تسلیم نہیں کیا، لہٰذا اپنے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام کو خود کرنا ہے۔

افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مختلف ممالک کے دورے کرچکا ہوں، پاکستان کی خواہش کے کہ افغان بھائی پر امن ماحول میں زندگی گزاریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی تعمیر نو کے لیے مالی مدد کی، پاکستان نے افغان عوام کے لیے کابل میں جناح ہسپتال کا تحفہ بھی دیا ہے، اس کے علاوہ 50 ہزار افغان طالب علم پاکستان سے تعلیم حاصل کرچکے ہیں جبکہ افغانستان کی 100 طالبان کے لیے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں نشستیں رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہیں، پاکستان بھی افغان امن عمل کے لیے مخلصانہ کوشش کر رہا ہے اور اس سلسلے میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے بھی متعدد ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان تنازع کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے، گزشتہ 4 دہائیوں سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو پاکستان نے پناہ دی ہوئی ہے، تاہم خطے میں امن اور استحکام کے لیے مختلف تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا افغانستان، پاکستان کے ایک اہم ملک ہے، افغانستان کے ساتھ ٹرین اور سڑک کے ذریعے بڑے پیمانے پر تجارت ہوتی ہے، تاہم خطے میں تجارت کے فروغ کے لیے افغانستان میں امن و استحکام ناگزیر ہے اور اسی کے تحت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم نکتہ افغانستان میں امن کا قیام ہے۔

متعلقہ خبریں