Daily Mashriq


’بادشاہ بیگم‘ کی ہدایات کون دے رہا ہے؟

’بادشاہ بیگم‘ کی ہدایات کون دے رہا ہے؟

تیزی سے آگے بڑھتے اس ڈیجیٹل دور میں اب پاکستان شوبز انڈسٹری میں بھی ڈراموں اور فلموں کے ساتھ ویب سیریز میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ایسی ہی ایک نئی ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ بھی جلد سامنے آجائے گی۔

اس ویب سیریز میں پاکستانی اداکار فیصل قریشی اور ایمان علی پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ویب سیریز تقریباً پوری کاسٹ کو سائن کرلیا گیا تھا تاہم اب تک یہ فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ اس سیریز کی ہدایات کون دے گا۔

تاہم اب ویب سیریز کے ہدایت کار کا نام بھی سامنے آچکا ہے۔

’بادشاہ بیگم‘ کی ہدایات فلم چلے تھے ساتھ کے ڈائیریکٹر عمر عادل کریں گے۔

اس سیریز کی کہانی سجی گل نے تحریر کی جس میں فیصل قریشی اور ایمان علی کے ساتھ ساتھ محسن عباس حیدر، گوہر رشید اور عمران اشرف کام کرتے نظر آئیں گے۔

عمر عادل کا کہنا تھا کہ ’اس سیریز کی کہانی نہایت سنجیدہ ہے، سجی گل نے تمام کرداروں کو نہایت محنت سے تیار کیا ہے، اسکرپٹ بہت ڈرامائی ہے، اب تک جتنے اداکار اس پروجیکٹ کے ساتھ جڑے ہیں سب ہی بہت قابل ہیں‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اس پروجیکٹ پر کام کرنے کے لیے بےحد پرجوش ہوں، مجھے امید ہے جب ہم پوری ٹیم مل کر اس پروجیکٹ پر کام کرنا شروع کریں گے تو کچھ بہترین ہی سامنے آئے گا‘۔

ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ بھائی بہنوں کے درمیان جھگڑوں کی کہانی ہے، اس میں خاندانی سیاست، صنفی تفریق اور مردوں کی حکومت دکھائی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل قریشی کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ابھی ہم نے اس سیریز پر کام کرنا شروع کیا ہے، اس کے اسکرپٹ اور کرداروں پر کام کیا جارہا ہے، میں بہت پرجوش ہوں، ایمان اور میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرنے جارہے ہیں، جبکہ اس سیریز کی کاسٹ میں گوہر رشید اور عمران اشرف بھی موجود ہیں‘۔

متعلقہ خبریں