Daily Mashriq


موٹرولا کے فولڈ ایبل ریزر فون کی پہلی جھلک سامنے آگئی

موٹرولا کے فولڈ ایبل ریزر فون کی پہلی جھلک سامنے آگئی

موٹرولا نے رواں سال فروری میں ایک فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی تیاری کی تصدیق کی تھی جو کہ ماضی کے معروف ریزر تھری کی نئی شکل میں واپسی بھی ہے۔

اور اب اس نئے ڈیزائن کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔

موٹرولا ریزر 2019 ماضی کے کلاسیک فلپ فون کی فولڈ ایبل شکل ہے اور اب اس کی لیک تصاویر سے اس کے ڈیزائن کو جاننے کا موقع مل سکے گا۔

ٹوئٹر پر سامنے آنے والی تصویر میں موٹو ریزر کو مکمل اوپن شکل میں دکھایا گیا ہے جس کے اوپری حصے میں ایک بڑا نوچ نظر آرہا ہے۔

نیچے والا حصہ کلاسیک ریزر فون کی یاد دلاتا ہے اور لیک تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فون اوپن ہوکر فل اسکرین موٹو ریزر بنتا ہے جبکہ بند ہونے پر پرانا فلپ فون کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

تاہم ان تصاویر میں بند ڈیوائس کی شکل نہیں دکھائی گئی۔

اس بات کا بھی امکان ہے کہ موٹو ریزر 2019 میں ایک تیسری اسکرین بھی ہوگی جو کہ نوٹیفکیشن اور دیگر ضروری معلومات کے لیے استعمال ہوگی جو کہ حالیہ ایل جی اسمارٹ فونز میں دیئے جانے والے سیکنڈری ڈسپلے جیسی ہوسکتی ہے۔

یہ فون مکمل اوپن ہونے پر 6.2 انچ کا ہوجائے گا جس کے لیے او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا۔

اس فون میں ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

یہ تو ابھی واضح نہیں کہ اس فون کو کب متعارف کرایا جائے گا مگر یہ رواں سال کسی وقت سامنے آسکتا ہے۔

موٹرولا کے گلوبل پراڈکٹ ڈویژن کے نائب صدر نے فروری میں فولڈ ایبل فون کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موٹرولا کا فولڈ ایبل فون سام سنگ اور ہواوے کی ڈیوائسز سے کچھ مختلف ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سام سنگ یا ہواوے کی طرح ٹیبلیٹ سے اسمارٹ فون میں تبدیل ہونے والی ڈیوائس میں خراشوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جو لوگوں کو اس طرح کے فولڈ ایبل فونز سے دور لے جاسکتا ہے۔

موٹرولا اس کی بجائے فولڈ ایبل فون میں ڈسپلے انٹرئیر میں رکھنا چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کا ڈیزائن ریزر سے ملتا جلتا ہوجائے گا۔

کمپنی دیگر ڈیزائن کے فولڈ ایبل فونز پر بھی غور کررہی ہے جیسے ایک ڈیزائن فولڈ ہونے پر لفظ زی جیسا ہوجائے گا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ موٹرولا کا پہلا فولڈ ایبل فون رواں سال کی دوسری سے تیسری سہ ماہی کے دوران متعارف کرادیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں