Daily Mashriq

پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ متحد؛ آج بھرپور اظہار یکجہتی ہوگا

پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ متحد؛ آج بھرپور اظہار یکجہتی ہوگا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دن 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پوری قوم ’’کشمیر آور ‘‘ منائے گی۔

’’کشمیر آور‘‘ کی مرکزی تقریب شاہراہ دستور پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان پارلیمنٹ کیساتھ پہنچیں گے، وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلبا اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔

ملک بھر میں آج دن 12 بجے سائرن بجائے جائیں گے، سرکاری پروگرام کے مطابق دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ سرکاری ملازمین دفاتر سے نکل کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ وفاقی وزرا اور تحریک انصاف کے قائدین بھی ڈی چوک میں جمع ہوں گے۔

دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی مؤخر کر دیا ہے۔ سرکاری پروگرام کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع میں مخصوص مقامات پر احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے لیے جگہ کے تعین کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے جب کہ احتجاج کے لیے سول سوسائٹی اور طلبا کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر آپریشنل معاملات آدھے گھنٹے کیلیے جزوی طور پر معطل رہیں گے۔ ایئر پورٹس پر قائم دفاتر، ایوی ایشن ڈویژن ، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارتی کے مرکزی اور ریجنل دفاتر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرنے کے اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس بابت ’’کشمیر موبلائیزیشن کمپین‘‘ کے پروگرام کا پلان جاری کردیا ہے۔ اس ضمن میں ایک باقاعدہ سرکلر اور اظہار یکجہتی کا طریقہ کار جاری کیا گیا ہے۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ دن 12 بجے سے ساڑھے12 بجے تک پوری قوم سڑکوں، گلیوں میں ہوگی۔ دن12بجے سے 3منٹ تک قومی ترانہ ہوگا، 12 بجکر 3منٹ سے 12 بجکر5 منٹ تک آزاد کشمیر کاترانہ ہوگا، وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار وزراء اراکین اسمبلی، افسران سمیت سی ایم سیکریٹریٹ کے باہر نکلیں گے، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران اپنے دفاتر کے باہر اسی ٹائم پر باہر سڑکوں پر ہوں گے۔

شہری گھروں سے باہر گلیوں، دکاندار سڑکوں پر نکلیں گے 12بجے سے ساڑہے12 بجے تک تمام ٹریفک سگنل سرخ رہیں گے تمام گاڑیاں جہاں ہوں گی وہیں کھڑی ہوجائیں گی،ٹیچرز،طلبہ سکولوں کے باہر نکلیں گے،ان تمام ایونٹس کی ہیلی کاپٹرز،ڈرون کیمروں سے کوریج کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں