Daily Mashriq

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر نے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

45 سالہ اداکارہ کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں۔

اداکارہ کی مایوں، مہندی، بارات اور ولیمے کی تصاویر پر مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔ناہید شبیر نے اپنے مایوں سرخ رنگ کا روایتی جوڑا زیب تن کیا۔بارات میں اداکارہ نے سرخ رنگ کا عروسی جوڑا پہنا جبکہ ولیمے میں وہ سلور رنگ کے خوبصورت اور بھاری گاؤن میں نظر آئیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ ان کی دوسری شادی ہے، اداکارہ نے پہلی شادی 2010 میں عامر مرزا نامی شخص سے کی تھی تاہم کچھ عرصے بعد ہی ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

اداکارہ نے دوسری شادی سابق پروڈیوسر نومی خان سے کی ہے اور ان کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکار اور نومی خان دونوں کو شادی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پر سامنے آئی ٹویٹس کے مطابق نومی خان نے ناہید شبیر سے شادی کرنے کے لیے اپنی پہلی اہلیہ اور بچوں سے تعلق ختم کردیا جبکہ انہیں اپنے گھر سے بھی نکال دیا۔

تنزیلہ مظہر نامی صحافی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'سینئر اداکارہ ناہید شبیر نے اپنے سابق پروڈیوسر اور سرکاری افسر کے ساتھ شادی کی، جنہوں نے اپنی اہلیہ اور دو بچوں کو ان کی خاطر ترک کردیا، گھر سے نکال دیا، ڈرامہ انڈسٹری کو اس بات سے فرق نہیں پڑتا، کیوں کہ ہمارے ڈراموں میں یہی سب تو دکھایا جاتا ہے'۔

ایک اور صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'اس بات کا زکر بھی ہونا چاہیے کہ ناحید ایک ایسے شخص سے شادی کررہی ہیں جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے بھی ہیں جن کو اس نے چھوڑ دیا ہے'۔

تاہم اداکارہ نے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ناہید شبیر ڈراموں کے ساتھ ساتھ کئی ٹیلی فلمز کا بھی حصہ بن چکی ہیں۔

ان کے یادگار ڈراموں میں 'ایک نئے موڑ، 'چاند چہرا'، 'بےزبان'، 'کہانی محبت کی مختصر'، 'خواب ٹوٹ جاتا ہے'، 'نصیب'، 'عشق' اور 'تمہیں کچھ یاد ہے' شامل ہیں۔

 اداکارہ کی شادی کی تقریبات میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، ان میں فیصل قریشی، جویریا سعود وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں