Daily Mashriq

آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، وزیر اعظم

آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اسلام آباد میں کشمیر آور' کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائی بہن اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ہم کشمیریوں کے دکھ درد میں شامل ہیں، آج یہاں سے پیغام جائے گا کہ جب تک انہیں آزادی نہیں ملتی پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہمیں سمجھنا ہوگا کہ بھارت میں کس طرح کی حکومت ہے جو کشمیر میں ظلم کر رہی ہے، آر ایس ایس کا نظریہ سمجھنا ضروری ہے جس نے بھارت پر قبضہ کر لیا ہے، آر ایس ایس جماعت مسلمانوں کی نفرت میں بنائی گئی اور اس کی پیدائش میں مسلمانوں کی نفرت شامل ہے، جبکہ آر ایس ایس کا نظریہ بھارت میں رہنے والے عیسائیوں کے بھی خلاف ہے۔'

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی صرف ہندوتوا کو مانتے ہیں، آر ایس ایس کے ممبر نے ہی گاندھی کو قتل کیا تھا جبکہ موجودہ بھارت نے نہرو اور گاندھی کی سیکولرزم کو نظر انداز کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے، اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو پوری دنیا کھڑی ہوجاتی، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے۔'

متعلقہ خبریں