Daily Mashriq

خالد مقبول صدیقی کی گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے چوری

خالد مقبول صدیقی کی گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے چوری

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی نئی ڈبل کیبن گاڑی ’ویگو‘ چوری ہوگئی۔

گاڑی صبح سوا 8 بجے کے قریب ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز سے چوری کی گئی۔

تاہم فی الحال فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج نہیں کروائی گئی اور نہ ہی پولیس کو گاڑی کا انجن اور چیسز نمبر فراہم کیا گیا۔

خالد مقبول صدیقی کی ویگو گاڑی بہادر آباد مرکز کے باہر کھڑی تھی یہ گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کی فلاحی تنظیم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے نام پر رجسٹرڈ ہے اوراسے کچھ عرصے قبل ہی خریدا گیا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے گاڑی کی تلاش شروع کردی۔

خیال رہے کہ خالد مقبول صدیقی کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے اور متحدہ رابطہ کمیٹی نے فروری 2018 میں ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی کنوینرشپ سے ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔

خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر بھی ہیں اور وہ 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 255 سے کامیاب ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں