Daily Mashriq

سوشل میڈیااور مغرب کے دہرے میعار

سوشل میڈیااور مغرب کے دہرے میعار

پورا پاکستان فیس بک اور ٹویٹر سے نبی کریم ۖاور مسلمانوں کی دوسری محترم اور مقدس ہستیوں کی شان میںگستاخی پر مبنی صفحات اور اکائونٹس کی بندش اور ان قبیح حرکات کی مسلسل نگرانی اور روک کا مطالبہ کررہا تھا ۔ عوام احتجاج کررہے ہیںاور نبی کریمۖ کی شان اور عزت و وقار پر اپنی جان ومال اور آل اولاد قربان کرنے کا اعلان کر ر ہے ہیں ۔ عدالت برہم ہے کہ حکومت مسلمانوں کی دینی حمیت اور غیرت کو للکارنے اور ان کی روحوں کو زخمی کرنے والوں کا سراغ تک نہیں لگا سکی ہے سزا دینا تو درکنارہے ۔جج ان مقدمات کی سماعت کرتے ہیں تو ان کی آنکھوں سے اشک رواں ہوتے ہیں ۔لبنان کے لیڈر حسن نصراللہ کی ایک ویڈیو کلپ موبائلوں میں گردش کر رہی ہے جس میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف سراپا احتجاج عوام کے جم غفیر میںمانگی گئی ایک پرسوز دعا ہے ۔حسن نصراللہ رندھی ہوئی آواز میں نعروں کے انداز میں فریاد کناں ہیں کہ اے ہمارے رسول ۖ ہم حاضر ہیں ۔ہمارے جان ومال اور ماں باپ آپ پر فدا ۔آج آپ کی توہین ہمارے سینوں کو چھلنی کررہی ہے اور ہم رورو کر فریاد کرنے کے سوا کچھ اور نہیں کرسکتے ۔ ہجوم اس دعا کو بلند آواز میں دہرا کراپنے جذبات کا اظہار کرتا ہے اور یوں اس لمحے پاکستان کے ایک جج اور دور لبنان کی وادیوں میں ایک شعلہ بیاں مقرر کا دکھ ایک ہوکر رہ جاتا ہے ۔درد اور دکھ کا ایک رشتہ دوریوں کو پاٹتا اور کم کرتا محسوس ہوتا ہے ۔پاکستان کی حکومت فیس بک انتظامیہ تک رسائی مانگتی ہے اور جواب نفی میں پا کر بے بسی کی تصویر بن رہی ہے اور عالم بے بسی میں مسلمان ملکوں کے سفیروں کو بلا کر سار ا مقدمہ سامنے رکھتی ہے۔فیس بک پر مقدس ہستیوں کی توہین کا معاملہ آج بھی بدستور زیر کار ہے ۔انٹیلی جنس ایجنسیوں اورپاکستان ٹیلی کام اتھارٹی پر مشتمل ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی مختلف زاویوں سے توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے کے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے بیانات قلم بند کئے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا گستاخانہ مواد کو ''آزادیٔ اظہار'' کی اپنی روایتی مغربی عینک سے دیکھ رہی ہے ۔یہ کس قدر دلخراش تضاد ہے کہ ایک طرف آزادیٔ اظہار کا راگ الاپا جا رہا ہے تو دوسری طرف ٹویٹر اور فیس بک انتظامیہ کشمیر کے حوالے سے کام کرنے والے ہزاروں اکائونٹس کو بند کر رہی ہے ۔کچھ عرصہ پہلے فیس بک انتظامیہ نے کشمیریوں کے مقبول نوجوان ہیرو برہان وانی کی تصویر والے ہزاروں اکائونٹس بند کر دئیے تھے اور اب ٹویٹر نے پاکستانی عوام کے جذبات اور احساسات کا لحاظ رکھنے کی بجائے کشمیر کے حوالے سے بنائے گئے سینکٹروں اکائونٹ بندکردئیے ۔یہ سب کچھ بھارت کو خوش کرنے کے لئے کیا جارہا ہے ۔کشمیر کے حوالے سے کام کرنے والے اکائونٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال سے دنیا کو آگا ہ کرتے تھے ۔بھارتی مظالم کو نمایاں اور کشمیری نوجوانوں کی عزیمت اور استقامت کو اجا گر کرتے تھے ۔یہ اپنے جذبات اور احساسات کے اظہار کا ایک مہذب انداز تھا ۔جدید ذرائع ابلاغ کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنا اب دنیا کی عام روایت اور چلن ہے ۔عرب سپرنگ اور دنیا کے کئی علاقوں میں ہونے والی اتھل پتھل میں سوشل میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل رہا ۔ایسا بھی نہیں دنیا کی ہر تحریک کے پھیلائو اور جذبات کے بھڑکائو میں سوشل میڈیا کا ہی کردار اہم ہو۔دنیا میں تبدیلیوں ،انقلابات اور عوامی بیداریوں کا عمل ہمیشہ سے جاری ہے ۔ کشمیر کی تحریک کے حالیہ فیز کو بھی گوکہ سوشل میڈیا کی تحریک کہا جاتا ہے مگر سوشل میڈیا کی آمد دوچار برس کی بات ہے اور اس طرح کی تحریکیں نصف صدی سے زیادہ کا قصہ ہے ۔برہان وانی نے بھی فیس بک اور ٹویٹرسے شہرت حاصل کی تھی اور اس نوجوان کی تصویریں کشمیر کے اندر ہی نہیں بھارت میں بھی نوجوانوں لڑکوں اور لڑکیوں کے من موہ لیتی تھیں۔بھارت میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ فیس بک اور ٹویٹر نے کشمیر میں مزاحمت کے موجودہ فیز کو منظم کرنے اور اسے مقبول لہر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔کشمیر میں آج بھی سینکڑوں نوجوان فیس بک اور ٹویٹر کے استعمال کے الزام میں جیلوں میں بند ہیں۔لوگوں سے جذبات کے اظہار کا پرامن حق چھیننے کا مطلب کیا ہے؟یہی کہ وہ موبائل چھوڑ دیں ،فیس بک اور ٹویٹر یوزر کے طور پرلیپ ٹاپ پھینک دیں ۔اس کے بعد وہ کیا کریں ؟ دلوں میںجذبات تو بھڑک رہے ہیں۔ جب پرامن ذرائع بند ہوجائیں تو بھڑکتے جذبات اوربے تاب انگلیوں کو رقص کے لئے بندوق کی لبلبی کی تلاش شروع ہو جائے گی ۔اب فیس بک اور ٹویٹر انتظامیہ اپنی روایتی متعصبانہ سوچ کے اظہار کے طور پر کشمیر کے لئے کام کرنے والے اکائونٹس کو بند کر کے عوام سے جذبات کے پرامن اظہار کا حق چھین رہی ہے ۔ دل آزاری کرنے والے جن اکائونٹس کو بند ہوجانا چاہئے وہ تو چل رہے ہیں مگر سیاسی مسائل کے اظہار پر مبنی اکائونٹس کو بند کیا جا رہا ہے ۔اس میں بھی دہر ا معیار اختیار کیا جاتا ہے ۔فیس بک انتظامیہ بلوچستان کے حالات کے ایک اہم کردار براہمداغ بگٹی کایڈیو بیان سپانسر ڈکے سٹکر کے ساتھ چلاتی ہے جس میں پاکستان کو گالیاں دی جاتی ہیں اور بھارت کی تعریفیں کی جاتی ہیں۔ مگر دنیا کے ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلے کشمیر اور انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے اکائونٹس کو بند کیا جارہا ہے ۔مغرب کے یہی متضاد رویے اور دہرے معیار مسلمانوں میں ردعمل کو جنم دیتے ہیں ۔

اداریہ