Daily Mashriq

متاثرہ خاندان کیجانب سے اعظم سواتی کے بیٹے سے صلح کی تردید

متاثرہ خاندان کیجانب سے اعظم سواتی کے بیٹے سے صلح کی تردید

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اعظم سواتی کے بیٹے اور مقامی افراد کے درمیان تنازع حل نہ ہوسکا،متاثرہ خاندان نے صلح کی تردید کردی۔

اسلام آبادکے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ خاندان نے کہا کہ اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی سے صلح نامہ کی خبریں بے بنیاد ہیں، ہم نے کوئی صلح نہیں کی اور اگر انصاف نہ ہوا تو عمران خان کے گھر کے سامنے دھرنا دیں گے۔

متاثرہ فیملی کی 12 سالہ بچی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد نیاز محمد، چھوٹی بہن اور والدہ کو بغیر کسی جرم کے جھوٹے مقدمے میں اڈیالا جیل میں ڈال دیا گیا۔ فائرنگ وفاقی وزیرکے گارڈز نے کی اور ہم پر دہشتگردی کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔

 بچی نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا لیا جا رہا ہے جبکہ اصل مقصد ہمارے گھر پر قبضہ کرنا ہے، ہم نے ان سے کوئی صلح نہیں کی ہے ہم انصاف کے حصول کے لئے ہر حد تک جائیں گے اگر انصاف نہ ہوا تو عمران خان کے گھر کے سامنے دھرنا دیں گے۔

قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مقدمے میں گرفتار ملزمان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ 

متعلقہ خبریں