Daily Mashriq

پشاورکی خوبصورتی اورٹریفک کی بہتر ی کیلئے 21کروڑ منظور

پشاورکی خوبصورتی اورٹریفک کی بہتر ی کیلئے 21کروڑ منظور

پشاور(نامہ نگار) فصیل شہر پشاورمیں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور ٹریفک جام ختم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے 21کروڑ روپے سے زائد منظور کر لئے منصوبے کے تحت ٹریفک کی بہتری سمیت اندورن شہر پشاور کے مختلف مقامات کی خوبصورتی بھی کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت 10ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جس میں سے ڈپٹی کمشنر پشاور کی سربراہی میں اندورن شہر پشاور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے منصوبہ تجویز کیا گیا ہے منصوبے کے تحت شاہ قبول چوک کی خوبصورتی اور بہتری سمیت ڈبگری چوک سے شعبہ بازار چوک اور رامداس سے ڈبگری تک سڑکوں کی بہتری کی جائیگی جس پر 2کروڑ79لاکھ 34ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے اسی طرح سول کوارٹرز سے براستہ چنگی چوک رنگ روڈ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور خوبصورتی پر 3کروڑ95لاکھ 39ہزار، دورہ روڈ حیدری پمپ سے لیکر لاہوری گیٹ تک ٹریفک روانی بہتر بنانے اور خوبصورتی پر 2کروڑ21لاکھ 44ہزار، یکہ توت، رامپورہ، چوک یادگار، سٹی سرکلرروڈ اور گلبہار یوٹرن کی بہتری اور خوبصورتی پر 3کروڑ7لاکھ 53ہزار، ہشتنگری چوک، شکندر پورہ، نشترآباد چوک اور امامیہ روڈ پر 2کروڑ27لاکھ 31ہزار اور شہر کی دیگر سڑکوں پر ٹریفک روانی بہتر بنانے سمیت شہر کی خوبصورتی پر 4کروڑ23لاکھ 71ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے منصوبے کے تحت پشاور میں 11مقامات پر ٹریفک سگنل لگانے اور پہلے سے موجود سنگلز کی مرمت پر 60لاکھ روپے جبکہ ٹائر برسٹ کی تنصیب اور پہلے سے موجود ٹائر برسٹ کی مرمت پر 42لاکھ 50ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے منصوبے میں ٹریفک پولیس کی درخواست پر کون اور جرسی بیرئرز پر 18لاکھ، ایک ہزار بڑی کون کی خریداری پر 31لاکھ 20ہزار، 500جرسی بیریئرز پر 65لاکھ اور بجلی، گیس و ٹیلی فون پولز کی منتقلی پر ایک لاکھ 50ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 21کروڑ 14لاکھ 92ہزار روپے کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔

متعلقہ خبریں