Daily Mashriq

سپریم کورٹ پر پورا اعتمادہے، جو فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے، عمران خان

سپریم کورٹ پر پورا اعتمادہے، جو فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے، عمران خان

ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما کیس پر بنچ بنانے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہم اس کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ شہر کراچی کئی مسائل میں گھرا ہوا ہے،سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کا ہے۔

کراچی میں ملک کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگ آباد ہیں۔ لیکن مسائل کی وجہ سے شہر کے حالات بد سے بدتر ہو گئے ہیں۔

 سانحہ بلدیہ کیس بہت افسوس ناک تھا،اس واقعے میں غریب افراد کو زندہ جلایا گیا، اس سلسلے میں رحمان بھولا نے اعترافی بیان بھی دے دیا۔ وہ پاکستانی قوم کی جانب سےملزمان کی گرفتاری اور مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ پیسے کی خاطر معصوم لوگوں کو قتل کرنے والوں کو سنگین سزا دینا ضروری ہے۔ سانحہ بلدیہ کی فوجی عدالت سماعت کرے تاکہ گواہ خوفزدہ نہ ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی کے عوام پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہیں اور ان کی اس مجبوری کا بھی فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

کراچی میں تحریک انصاف کی مقبولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ملک کے ہر کونے میں ووٹ بینک بڑھا ہے، اس وقت پورے ملک میں ایک ہی جماعت ہے جو ہرشہر میں جلسہ کرسکتی ہے اور وہ تحریک انصاف ہے۔

پاناما کیس کے سلسلے میں عمران خان نے کہا کہ 2014میں دھاندلی میں پھنس گئے اور 2016 میں پاناما کی نذر ہو گیا، امید ہے2017 پاناماکیس میں ضائع نہیں ہوگا، معاملہ جنوری میں ہی آر یا پار ہوجائے گا، ہم کیس کی سماعت کے لیے بنائے گئے سپریم کورٹ کے بینچ کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس بینچ کی جانب سے کیا گیا فیصلہ قبول کریں گے۔

متعلقہ خبریں