Daily Mashriq

ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مسجد قاسم علی خان کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب

ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مسجد قاسم علی خان کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب

پشاور: ماہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں کمیٹی 11 اگست کو عیدالاضحی منانے کا اعلان کردے گی۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل یکم اگست کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگا جس میں ماہ ذی الحجہ کے چاند سے متعلق شہادتیں وصول کی جائیں گی۔

کمیٹی کے رکن مولانا حسین احمدمدنی ایڈوکیٹ نے ایکسپریس کو بتایا کہ چونکہ ہماری کمیٹی کے مطابق ماہ ذی قعدہ کی یکم اگست کو 29 تاریخ ہوگی اس لیے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اگر ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھنے سے متعلق شہادتیں موصول ہوگئیں تو اس صورت میں 11 اگست کو عید کا اعلان کردیا جائے گا تاہم اگر شہادتیں موصول نہ ہوئیں یا پھر شرعی اعتبار سے درست نہ ہوئیں تو اس صورت میں عید 12 اگست کو کرنے کا اعلان کیاجائے گا۔

مولانا حسین احمد مدنی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت، مرکزی رویت ہلال کمیٹی یا وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بات کرنے کے خواہاں ہیں تو وہ تو ہر فورم پر جانے کے لیے تیار ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے ان کی بات سنی بھی جائے تو اس کو درخواعتنا نہیں سمجھا جاتا۔ مرکزی حکومت معاملات کو درست ٹریک پر لانا چاہتی ہے تو انھیں ہماری بات پر کان بھی دھرنا ہوگا اور اطمینان سے اس سلسلے میں کام بھی کرنا ہوگا ورنہ یہ صورت حال یونہی برقراررہے گی۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو منعقد ہورہا ہے جب کہ ماہرین فلکیات نے بھی عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ خبریں