Daily Mashriq

بنوں: غیرت کے نام پر ’حملے‘ میں 4 افراد ہلاک

بنوں: غیرت کے نام پر ’حملے‘ میں 4 افراد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ہاتھی خیل میں ایک گھر پر ’غیرت‘ کے نام پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں نئی نویلی دلہن اس کے بھائی اور کزن کو قتل کردیا گیا، جس گھر پر حملہ ہوا وہ مقتولہ کے سسرال والوں کا تھا۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والی خاتون زینب بی بی کے اہلِ خانہ ان کی شاہ زیب کے ساتھ شادی سے ناخوش تھے جس پر انہوں نے مقتولہ کے سسرالی گھر پر حملہ کیا اور نتیجے میں مقتولہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔حملہ آوروں نے جائے واردات سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن مقتولہ کے شوہر شاہ زیب کے رشتہ داروں اور علاقے کی پولیس نے انہیں فرار ہونے سے روک دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں خاتون کا بھائی عبدالحفیظ، کزن عبدالحسیب اور ان کے ساتھی محسن جان مارے گئے جبکہ وحیدالرحمٰن اور لطیف الرحمٰن سمیت دیگر 2 کزنز زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد کے مطابق زینب بی بی نے اپنی مرضی سے شاہ زیب سے شادی کی تھی، ان کے اہلِ خانہ نے شاہ زیب کے ساتھ گھر چھوڑ کر بھاگنے کا الزام لگایا تھا جس پر پولیس نے خاتون کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس نے 22 مئی کو خاتون کو مقامی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا، عدالت میں بیان دیتے ہوئے خاتون نے بتایا تھا کہ اس نے اپنی مرضی سے شاہ زیب سے شادی کی۔قتل کی واردات ہونے کے فوراً بعد پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔

بعد ازاں پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کردیا۔

متعلقہ خبریں