Daily Mashriq

میرے والد کا انتقال تمباکو نوشی کی لت کے باعث ہوا، مصطفیٰ زاہد

میرے والد کا انتقال تمباکو نوشی کی لت کے باعث ہوا، مصطفیٰ زاہد

پاکستان کے نامور موسیقار مصطفیٰ زاہد کے والد کے انتقال کو ایک ماہ گزر جانے کے باوجود وہ آج تک ڈاکٹر کے وہ جملے نہیں بھولیں جو انہوں نے والد کے انتقال کے وقت کہے تھے۔

گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ ان کے والد کا انتقال حد سے زیادہ تمباکو نوشی کے باعث ہوا۔

مصطفیٰ زاہد نے بتایا کہ 'میرے والد کے انتقال کو ایک ماہ گزر چکا ہے، لیکن میں آج تک ڈاکٹر کی وہ آواز نہیں بھولا جب انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ حد سے زیادہ تمباکو نوشی کے باعث ان کے پھیپڑے خراب ہوگئے، اگر آپ کے والدین میں بھی کسی کو تمباکو نوشی کی عادت ہے تو فوری ان کے پاس جائیں، ان سے لڑیں، بحث کریں، جو ہوسکتا ہے کریں لیکن ان کی یہ عادت ختم کروائیں'۔

مصطفیٰ زاہد کی اس بات سے متفق ہوتے ہوئے موسیقار ذوالفقار جبار خان عرف زلفی نے بھی مداحوں سے درخواست کی کہ خود کو اور اپنے چاہنے والوں کو اس بری عادت سے روکیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'مصطفیٰ زاہد کا یہ پیغام پڑھ کر مجھے ایسا لگا کہ یہ وہی جذبات ہیں جب میں نے اپنے والد کو کھو دیا تھا'۔

ویسے تو نکوٹین کی لت سے نجات پانا کسی باغ میں چہل قدمی جتنا آسان نہیں بلکہ اس کے لیے کافی تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

لیکن یہاں چند آسان طریقے مندرجہ ذیل ہیں جنہیں آزما کر آپ اس لت سے نجات پاسکتے ہیں:

وقفہ بڑھائیں

جی ہاں سب سے پہلے تو آپ کو جب سگریٹ کی طلب ہو تو اسے پوری نہ کریں بلکہ جس حد تک ٹال سکتے ہیں، ٹالیں۔ یاد رکھیں آپ اپنی اس لت کو جتنا پورا کریں گے، اتنا ہی اس سے پیچھا چھڑانا مشکل ہوگا اور نکوٹین سے نجات کی کوشش بہت تکلیف دہ ثابت ہوگی۔

تحمل مزاجی

اس لت سے نجات پانا بہت مشکل ہوتا ہے اور اس کے لیے حقیقی معنوں میں تحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اس لت کا عفریت نجات کی کوشش کے ساتھ ہی زیادہ بھوکا ہوجاتا ہے اور مشکلات پیدا کرنے لگتا ہے، اس کے نتیجے میں مختلف علامات سامنے آتی ہیں مگر اس عفریت کو خود پر قابو پانے کی بجائے اس پر قابو پانے کی کوشش کریں اور سگریٹ پینے کے وقفے کا دورانیہ تبدریج بڑھاتے چلے جائیں۔

آخری قدم

جب آپ کے اندر کافی حد تک مزاحمت پیدا ہوجائے اور سگریٹ پینے کی خواہش کم پڑنے لگے تو پھر وقت آگیا ہے جب آپ اس سے مکمل نجات پالیں اور اسے ہاتھ تک نہ لگائیں۔ آپ کو کچھ مشکلات کا سامنا ضرور ہوگا مگر کچھ دنوں میں ہی آپ اس پر قابو پالیں گے۔

متعلقہ خبریں