آئس برآمد

لنڈی ارباب میں گھر پر چھاپہ، کروڑوں روپے کی 58 کلو آئس برآمد

ویب ڈیسک: پشاور کی تاریخ میں پہلی بار منکرائو لنڈی ارباب کے علاقے میں گھر پر چھاپے کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی 58 کلوگرام آئس اور نشہ آور گولیاں برآمد کر لی گئی جبکہ 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک افغان باشندہ بھی ہے۔ ملزمان نے کرایہ کے مکان میں آئس کی فیکٹری کھول رکھی تھی جہاں سے آئس ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کی جاتی تھی۔ گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ایس پی سٹی عبدالسلام خالد نے ایس پی طیب جان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ طلبہ، ہاسٹلوں سمیت شہر بھر میں منشیات سپلائی کرنے والے افراد کیخلاف کریک ڈائون کے دوران منکرائو کے علاقے میں لیڈیز پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کر بھاری مقدارمیں آئس برآمد کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہے جس میں خطرناک نشہ آئس بنانے والی فیکٹری سیل کی گئی ہے جس سے 58 کلو گرام سے زائد آئس، سیلنگ مشین، آئس تیار کرنے میں استعمال ہونے والا ڈیجیٹل سکیل، ڈرم، پلاسٹک بیگ، اوزار اور دیگر مختلف اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گھر سے دو ملزموں نور خان ولد رستم خان ساکن افغانستان حال ریحان آباد اور تاج محمد ولد یوسف خان ساکن لنڈی کوتل کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان نے کرائے کے مکان میں آئس کی فیکٹری کھول رکھی تھی۔

مزید پڑھیں:  لکی سیمنٹ فیکٹری پر نامعلوم دہشتگردوں کا حملہ، سیکورٹی گارڈ جاں بحق