آفریدی گڑھی قاتل روپوش

آفریدی گڑھی معمرشخص کے قاتل دوافغان بھائی تاحال روپوش

ویب ڈیسک:تھانہ گلبہارکے علاقہ آفریدی گڑھی میں پانی کا پائپ چرانے سے منع کرنے پرمعمرشخص کو قتل کرنے والے دو افغان بھائی تاحال پولیس کی چنگل سے آزاد ہیں، ملزمان کی افغانستان فرار ہونے کے خدشہ کے پیش نظر ان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے طورخم بارڈر و دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی چھاپے مارے تاہم دونوں روپوش ہیں جبکہ کباڑی گودام کے مالک سمیت دیگر مشکوک افرا دکو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں محمد سجاد ولد حاجی سکندر ساکن صافی آباد گلبہارنے پولیس کو رپورٹ درج کرائی تھی کہ ان کی گلی میں 2افغان کباڑی جاوید اور حضرت حسین پسران اکبر ساکنان افغانستان حال شفتل بانڈہ پانی کا پائپ کاٹ کر چوری کرنے کی کوشش کررہے تھے
اس دوران ان کے والدمقتول حاجی سکندر خان ولد لباس خان نے دونوں کو پائپ کاٹنے سے منع کیا تو وہ ان کے ساتھ لڑ پڑے اور بعد میں تیز دار آلہ سے وار کرکے انہیں شدید زخمی کیا جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے افغانی شناخت وغیرہ سے متعلق اپنی دستاویزات چھوڑ کرفرار ہوگئے تھے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا جبکہ آخری بار ملزمان کی لوکیشن طورخم اور کارخانوں کے علاقوں میں آرہی تھی ۔ دونوں افغان بھائیوں نے افغانستان فرار ہونے کی بھی کوشش کی ہے جہاں طورخم بارڈر پر پولیس ٹیم بھی بھجوائی گئی اور وہاں سے ایک مشکوک لڑکے کو گرفتار کیا گیاتاہم کیس میں ملوث نہ ہونے پر اسے بعد میں چھوڑ دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل فونزپرکام کے علاوہ وہ جس کباڑی کے گودام میں کام کرتے تھے اس کے مالک کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے اور جلد ہی ملزمان تک رسائی حاصل کرلی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی میں شدید بارش، نکاس آب کا نظام درہم برہم