اذان سمیع کا فلسطین سے اظہار یکجہتی، میوزک البم کی ریلیز روک دی

معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے اپنے میوزک البم کی ریلیز کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اذان سمیع خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے چاہنے والوں کے لیے ایک خصوصی نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے 30 اکتوبر کو ریلیز ہونے والے اپنے نئے میوزک البم کی ریلیز سے متعلق اہم اعلان کیا۔
اذان سمیع خان نے کہا کہ “میں جب بھی کوئی گانا تیار کرتا ہوں تو میرا مقصد، اُس گانے کے ذریعے محبت پھیلانا ہوتا ہے لیکن ابھی اس وقت جو دُنیا کی موجودہ صورتحال ہے، اُس میں محبت کا جشن منانا مناسب نہیں ہے”۔
گلوکار نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ “فلسطین میں مظالم اور مسلم دنیا پر حملہ ہم میں سے ہر ایک پر حملہ ہے، ایسے میں کوئی خوشی منانے کا دل نہیں کررہا، فلسطین کے لوگوں کو دیکھ کر بہت زیادہ دُکھ ہوتا ہے”۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “بھاری دل کے ساتھ، میں یہ کہنا چاہوں گا کہ میں اپنا نیا البم، جو رواں ماہ 30 اکتوبر کو ریلیز ہونا تھا، اُس کی ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھا رہا ہوں، اب یہ البم 12 نومبر کو ریلیز ہوگا”۔
اذان سمیع نے کہا کہ “میں فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور پوری دنیا میں موجود اُمتِ مسلمہ کے ساتھ کھڑا ہوں، میں اُن تمام خاندانوں کے لیے گہرے دُکھ کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے معصوم پیاروں کو کھودیا”۔
گلوکار نے فلسطین کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ “انشاء اللہ! میں اُمید کرتا ہوں کہ ہم ایک ایسی دنیا کے لیے کام کریں گے جہاں ہمارے بچے ان غلطیوں کو نہ دُہرائیں جو ہم سب نے کی ہیں”۔

مزید پڑھیں:  چین کے 20 ہزار سینیما گھروں میں 12ویں فیل ریلیز کرنے کا فیصلہ